سرینگر// انتظامیہ نے پیر کو مرکزی تجارتی مرکز لالچوک میں لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے کی کی پاداش میں کئی دکانوں اور تجارتی مراکز کو سربمہر کیاجبکہ خلاف ورزی کے مرتکبین پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔حکام نے گزشتہ پیر سے شہر میں لاک ڈائون کا دوسرا مرحلہ شروع کیا ہے،جس کے پیش نظر شہر میں دکانیں اور کاروباری ادارے مقفل ہیں۔ لاک ڈائون کے بیچ ہی پیر کو لالچوک میں انتظامیہ نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے کے پاداش میں کئی ایک شاپنگ کمپلیکس سیل کر دئے ۔ضلع انتظامیہ کی ایک ٹیم پیر کو رابعیہ یوسف تحصیلدار جنوب کی سربراہی میں نمودار ہوا اور انتظامی معیاری عملیاتی طریقہ کار کی خلاف ورزی کے مرتکبین کے خلاف کاروائی عمل میں لائی۔ ذرائع نے بتایا کہ کئی دکانوں کے علاوہ شاپنگ مالوں کو بھی سربمہر کیا،جبکہ ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ تحصیلدار ساوتھ سرینگر رابیعہ یوسف راتھر نے بتایا کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارورائی ہو گی اور ماسک کے بغیر چلنے والوں سے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع انتظامیہ سرینگر نے مہم تو شروع کی ہے تاہم لوگو ں کو چاہئے کہ وہ اس پر خود عملد ر آمد کریں اور اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے ۔رابیعہ یوسف نے بتایا ’’ میری لوگوں سے ایک مرتبہ پھر یہی اپیل ہو گی کہ وہ معیاری عملیاتی طریقہ کار پر من و عن عمل کر یںاور ماسک کا استعمال کرنے کے علاوہ سماجی دوری بنائے رکھیں، تب ہی جاکر ہم اس وبائی بیماری کے پھیلائو پر قابو پا سکتے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارورائی عمل میںلائی جائے گی۔