یو این آئی
لندن//اوول میں پریکٹس سیشن کے دوران سری کے چیف گراؤنڈزمین لی فورٹس کی جانب سے ہندوستانی ٹیم کو پچ کو قریب سے دیکھنے سے روکنے کے عمل کو کپتان شبھمن گل نے غیر ضروری قرار دیا۔ہندوستان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور فورٹس کے درمیان اس وقت نوک جھونک ہوئی جب وہ مین اسکوائر کے آس پاس ہجوم اور تربیتی سامان کی موجودگی سے فکرمندتھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ پچ سے 2.5 میٹر دور کھڑے ہو کر پچ دیکھیں۔ گمبھیر کو فورٹس کی طرف انگلی اٹھاتے اور بار بار یہ کہتے ہوئے دیکھا گیا کہ وہ ‘صرف ایک گراؤنڈزمین’ ہیں۔گل، جو اس واقعے کے دوران میدان پر موجود نہیں تھے ، نے اوول میں پانچویں ٹیسٹ کی شام سے قبل کہا، ‘‘کل جو کچھ ہوا، مجھے لگتا ہے کہ یہ بالکل غیر ضروری تھا۔ یہ پہلی بار نہیں کہ ہم وکٹ دیکھ رہے تھے ، ہم تقریباً دو ماہ سے وہاں ہیں۔ ایک کوچ کو مکمل حق ہے کہ وہ قریب جا کر وکٹ دیکھے اور مجھے نہیں لگتا کہ اس میں کوئی غلط بات ہے ۔ مجھے واقعی سمجھ نہیں آ رہا کہ کیوریٹر نے ہمیں وکٹ دیکھنے کی اجازت کیوں نہیں دی۔’’گل نے کہا کہ سیریز کے پچھلے چار مقامات – ہیڈنگلے ، ایجبسٹن، لارڈز اور اولڈ ٹریفرڈ – پر کسی بھی کیوریٹر نے ہندوستانی ٹیم کو پچ یا اسکوائر دیکھنے سے نہیں روکا تھا۔گل نے کہا، ‘‘بالکل نہیں، اگر کوئی پچ کیوریٹر آ کر ہمیں وکٹ کی طرف دیکھنے کے بجائے تین میٹر پیچھے سے دیکھنے کے لیے کہے گا، تو ہمارے ساتھ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ہم اتنا عرصہ سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور جب تک آپ ربڑ کے اسپائکس پہنے ہوئے ہیں یا ننگے پاؤں ہیں، آپ کو وکٹ کو قریب سے دیکھنے کی اجازت ہے ۔ یہ کوچ اور کپتان کا کام ہے ۔’