عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے گھنے جنگلات میں بدھ کی شام شروع ہونے والی جھڑپ کے بعد سلامتی دستوں نے ملی ٹینٹوں کی تلاش کا دائرہ وسیع کیا ہے۔ کشتواڑ کے کوچھل چھاترو علاقے کے کنزل منڈو جنگلات میں بدھ کی شام قریب ساڑھے سات بجے سیکورٹی فورسز نے جب تلاشی مہم شروع کی تو وہاں چھپے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد جھڑپ چھڑ گئی۔پولیس نے بتایا کہ علاقے میں دو سے تین ملی ٹینٹوں کی موجودگی ہوسکتی ہے، جن میں کم از کم ایک کے زخمی ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔ آپریشن میں فوج اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیمیںحصہ لے رہی ہیں اور پورے علاقے کو سخت محاصرے میں لیا گیا ہے۔سیکورٹی فورسز کو ڈرونز، سراغ رساں کتوں اور اضافی کمک کی مدد حاصل ہے تاکہ ممکنہ فرار کے راستے بند کیے جا سکیں۔ سیکورٹی حکام کے مطابق، یہ ملی ٹینٹ پاکستان میں قائم شدت پسند تنظیم جیش محمد سے وابستہ ہیں۔یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جموں خطے میں دوسرا بڑا تصادم ہے۔ اس سے قبل 26 جون کو ضلع ادھمپور کے بسنت گڑھ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران جیش محمد کا ایک پاکستانی ملی ٹینٹ مارا گیا تھا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے تھے۔