سرینگر//وادی کے کوچنگ مراکز کی انجمن نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے انہیں NEET اور JEE اور سول سروسز امتحانات کیلئے کوچنگ کلاسز جاری رکھنے کی اجازت دی ہے،تاہم اس دوران طلاب کی کم سے کم تعداد ہونی چاہیے اورکووِڈمناسب رویہ پر زیادہ سے زیادہ عمل درآمد ہونا چاہیے۔وادی میں کورونا معاملوں میں اُچھال کے بعد انتظامیہ کی طرف سے کوچنگ مراکزکوبندکرنے کے اعلان کے ایک روز بعد کوچنگ مراکزکی انجمن کا وفدصدرحامدمفتی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر سرینگر سے ملاقی ہوا۔ضلع کمشنر نے وفد کوبغور سنااوریقین دلایا کہ کوچنگ مراکزکومرحلہ وارکام کرنے کی اجازت دینے کایقین دلایا۔وفد سے کہاگیا کہ وہNEET اور JEEسمیت سول سروسزامتحانات کی کوچنگ کے کلاس دوروزبعد کم سے کم طلاب اور زیادہ سے زیادہ کووِڈ مناسب رویہ پرعملدرآمد کے ساتھ شروع کرسکتے ہیں۔وفد کوبتایاگیا کہ تمام مراکزپرٹیکہ کاری جاری رہنی چاہئے جب تک کہ صدفیصد ہدف حاصل نہیں کیا جاتا۔صدفیصد ٹیکہ کاری کے بعد ہی 9ویں،10ویں،11ویں اور12جماعت کے کلاسز کی کوچنگ کی اجازت دی جائے گی ۔یہ ویکسین لگائے ہوئے طلاب کیلئے چندہفتوں میں ہی شروع ہوں گے کیوں کہ ٹیکہ لگانے کے بعد مدافعت پیداہونے میں کچھ وقت درکار ہوتا ہے۔ضلع کمشنر نے کوچنگ مراکزکی انجمن کے صدر کو اپنی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی جو کوچنگ مراکز پر کووِڈ مناسب رویہ کی مکمل عمل آوری کی نگرانی کرے گی۔جو بھی کوچنگ مرکز ان ہدایات کی خلاف ورزی کرتے پایا جائے گا اسے سربمہر کیا جائے گا۔