سرینگر// کوچنگ مراکزکیلئے ضلعی انتظامیہ سرینگرکے رہنما اصول جاری کرتے ہوئے نیٹ اور جے ای ای ؑؑسول سروسز کے امتحانات کیلئے کوچنک مراکز کوآف لائن کلاسزکی اجازت دی تاہم مرحلہ وارکلاسزکے دوران کم سے کم طلبہ اور CABکی حددرجہ پابندی لازمی قرار دیا گیا۔ کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن کشمیر (CCAK) نے بدھ کو کہا کہ ضلع انتظامیہ سرینگر نےNEET اور JEEؑؑ سول سروسز کے امتحانات کیلئے کوچنگ کلاسز کی اجازت دی ہے جس میں طلبہ کی کم سے کم تعداد اور کوویڈ مناسب رویہ پروٹوکولCAB کی زیادہ سے زیادہ پابندی لازمی قرارپائی ہے۔ CCAK کے نمائندوں نے اس کے صدر حامد مفتی کی قیادت میں ڈی سی سرینگر اعجاز اسد سے ملاقات کی اور اُن سے طلبہ کی کم سے کم تعداد والے کوچنگ سنٹروں کو اجازت دینے کی اپیل کی گئی۔ڈپٹی کمشنر سرینگر نے وفد کو صبر سے سنا اور اُنہیں یقین دلایا کہ کوچنگ سنٹرز کو مرحلہ وار کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔وفد کو بتایا گیا کہ NEET اوJEEؑؑسول سروسز کے امتحانات کی کلاسیں جس میں طلبہ کی کم سے کم تعدادہو اور سی اے بی پروٹوکول کی زیادہ سے زیادہ پابندی کی جائے،2 دن بعد شروع کی جاسکتی ہے۔ وفد کو یہ بھی بتایا گیا کہ تمام مراکز پر ویکسی نیشن مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ 100 فیصد ویکسی نیشن کا ہدف حاصل نہیں ہو جاتا۔ڈپٹی کمشنر سرینگر نے وفد کو یہ بھی بتایاکہ دیگر کلاسوں جیسے 9ویں،10ویں،11ویں اور 12 ویںکو بھی مکمل ویکسی نیشن کے بعد کام کرنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم یہ کلاسز صرف ٹیکے لگوانے والے طلبا کیلئے چند ہفتوں میں شروع ہوں گی کیونکہ ان کو ویکسی نیشن کے بعد قوت مدافعت پیدا کرنے میں وقت لگے گا۔ ڈی سی سرینگر نے CCAK کے صدر کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی کی ٹیمیں تشکیل دیں تاکہ وہ ہر قیمت پر CAB کی سختی سے تعمیل کی نگرانی کریں اور رپورٹ کریں۔یہ فیصلہ کیا گیا کہ جو بھی ادارہ ( کوچنگ سینٹرز )CAB نافذ کرنے میں کوتاہی کا مظاہرہ کرے گا، اسے مقفل کر دیا جائے گا اور مستقل طور پرغیر رجسٹرڈ کر دیا جائے گا۔CCAK کے صدر حامد مفتی نے ڈپٹی کمشنر سرینگر کی ان کی ذاتی دیکھ بھال اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور کیریئر کی ترقی کیلئے فکرمندی کی تعریف کی۔اس موقع پر CCAK کے جنرل سیکرٹری ریاض مجید نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ گھبرائیں نہیں بلکہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ انتظامیہ کی رہنمائی میں بہت جلد باقی تمام کلاسز فعال ہو جائیں گی۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب تب ہی ممکن ہے جب ہم سب بشمول طلباء ، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور والدین کووڈ مناسب رویےCAB پر عمل کریں۔ریاض مجیدنے ہوسٹلوں میں رہنے والے طلباء سے بھی اپیل کی کہ وہ جلد بازی میں نہ نکلیں بلکہCAB کی پیروی کریں اور درمیان میں آن لائن کلاسز میں شرکت کریں تاکہ وقت ضائع نہ ہو۔