سرینگر//کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن (سی سی اے) نے انتخابی عمل کے ذریعے اپنے نئے عہدیداروں کاانتخاب عمل میں لایا۔موصولہ بیان کے مطابق اس سلسلے میں 13 نومبر کو یہ عمل شروع ہوا جب سابق صدر نے CCA کی موجودہ باڈی کو تحلیل کر دیا اور ایڈوکیٹ خالد نذیر بانڈے کو الیکشن کمشنر مقرر کیا گیاتاکہ CCA کا الیکشن کرایا جا سکے۔ الیکشن کمشنر نے 28نومبرکو ایسوسی ایشن کے متعدد عہدوں کے لیے نوٹیفکیشن جاری کی۔ صدر کے عہدے کیلئے سابق صدر شاہد ڈار اور حامد مفتی، نائب صدر کیلئے منیر عالم، جاوید ڈار اور لطیف مسعودی، خزانچی عہدے کیلئے حافظ بٹ اور معید خان جبکہ جنرل سیکریٹری کیلئے واحد امیدوار ریاض مجید کے ساتھ کل آٹھ افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔بیان کے مطابق شاہد ڈار، لطیف مسعودی اور جاوید ڈار نے اپنی نامزدگی واپس لے کر حامد مفتی کے سی سی اے کے بلامقابلہ صدر اور منیر عالم کے نائب صدر بننے کی راہ ہموار کر دی۔ الیکشن کمشنر نے 5 دسمبر کو خزانچی کے عہدے کے لیے انتخابات منعقد کئے اور حافظ مفتی نے جیت درج کی۔ تمام کوچنگ سینٹروں کے نمائندوں نے نومنتخب قائدین پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے یقین دلایا کہ وہ کشمیر میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے انتھک محنت کریں گے اور کوچنگ سیکٹر کو درپیش تمام مسائل کے ازالے کے لیے بھرپور جدوجہد کریں گے۔ اس موقع پر ایڈوکیٹ خالد نذیر بانڈے نے ایسوسی ایشن کو جمہوری بنانے پر سی سی اے کی تعریف کی اور معاشرے کو شاندار خدمات فراہم کرنے پر اس برادری کی حوصلہ افزائی کی۔