عظمیٰ نیوز سروس
جموں //مرکزی صنعتی سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، جو کہ مرکزی وزارت داخلہ کے تحت مسلح پولیس فورس میں سے ایک ہے، اس ہفتے جموں کی کوٹ بھلوال جیل کی سیکورٹی سنبھالے گی۔یہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کی ایک اعلی سیکورٹی والی سنٹرل جیل ہے، جس میں 900 سے زیادہ قیدی ہیں،جن میں کچھ غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔سی آئی ایس ایف کوٹ بھلوال جیل کی سیکورٹی سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)سے سنبھالے گی ۔سی آر پی ایف جو برسوں سے اس جیل کی حفاظت کر رہی ہے۔یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب وزارت داخلہ نے 13 اکتوبر کو سی آئی ایس ایف کو کوٹ بھلوال جیل کی سیکورٹی سی آر پی ایف سے لینے کا حکم جاری کیا تھا۔ یہ جموں و کشمیر کی دوسری جیل ہوگی جسے CISF – ایک نیم فوجی دستے کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا جس کی موجودہ تعداد تقریبا 1.75 لاکھ اہلکاروں کی ہے۔3 اکتوبر کو، سی آئی ایس ایف نے اس سال 22 ستمبر کو فورس کو جاری کردہ حکم کے بعد سی آر پی ایف سے سری نگر جیل کی حفاظت بھی سنبھال لی تھی۔سی آئی ایس ایف کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (آپریشنز)شری کانت کشور نے بتایا، “تقریبا ًتمام طریقہ کار مکمل ہو چکا ہے، سی آئی ایس ایف دو تین دنوں کے اندر کوٹ بھلوال جیل کی سیکورٹی سی آر پی ایف سے سنبھال لے گی”۔
انہوں نے کہا”سی آئی ایس ایف کوٹ بھلوال جیل کے اندرونی اور بیرونی اطراف میں سیکورٹی فراہم کرے گا، ہمارے اہلکار جیل کے احاطے کی چاروں طرف سے حفاظت کریں گے” ۔سی آئی ایس ایف کے ایک اور ذرائع کے مطابق، تقریباً 260-265 اہلکار، ڈپٹی کمانڈنٹ سطح کے افسر کے تحت، کوٹ بھلوال جیل میں تعینات کیے جائیں گے، جو جموں و کشمیر کی دو ہائی سکیورٹی سنٹرل جیلوں میں سے ایک ہے۔جموں و کشمیر کی سرینگر اور کوٹ بھلوال جیلیں انتہائی حساس ہیں۔ ان جیلوں میں کئی خطرناک ملی ٹینٹ اور بدنام زمانہ مجرم بند ہیں، کوٹ بھلوال میں 900 اور سری نگر کی جیلوں میں 500 سے زائد قیدی ہیں۔کوٹ بھلوال جیل میں 579 زیر سماعت، 353 نظربند، اور 67 مجرم ہیں۔ ذرائع نے کہا، “ان میں سے، 17 غیر ملکی شہری ہیں۔”اس وقت قیدیوں کے قیام کے لیے مختلف اقسام کی تیرہ جیلیں ہیں جن میں کوٹ بھلوال اور سری نگر کی دو سینٹرل جیلیں شامل ہیں۔ جموں، کٹھوعہ، ادھم پور، راجوری، پونچھ، بارہمولہ اور کپواڑہ اور لیہہ میں آٹھ ڈسٹرکٹ جیلیں اور ہیرا نگر، ریاسی اور کشتواڑ میں تین سب جیلیں ہیں۔ ان جیلوں میں قیدیوں کی کل گنجائش 2775 ہے۔سی آئی ایس ایف کی حفاظتی چھتری 67 ہوائی اڈوں، دہلی میٹرو، اہم سرکاری عمارتوں اور تاریخی ورثے کی یادگاروں کی بھی حفاظت کرتی ہے۔ سی آئی ایس ایف اس وقت ملک کے طول و عرض میں 357 اداروں کو سیکورٹی فراہم کرتا ہے۔