سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کوٹھی باغ گرلز ہائیر سکینڈری سکول میں آدھار انرولمنٹ مرکز کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے عبدالرشید وار، جو سکول بچوں کے آدھار انرولمنٹ کے رجسٹرار بھی ہیں، نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے14 لاکھ طُلاب کو آدھار سہولیت کے تحت رجسٹر کرنا ابھی باقی ہے۔اس سلسلے میں ریاست کے6 اضلاع شوپیاں، پلوامہ، اننت ناگ، ڈوڈہ، کشتواڑ اور سانبہ میں100 آدھار انرولمنٹ سینٹر پہلے مرحلے کے تحت قائم کئے گئے ہیں جبکہ دیگر اضلاع کو دوسرے مرحلے کے تحت آدھار کے دائرے میں لایا جائے گا۔وزیر نے کہا کہ اس عمل کے دوران اساتذہ اور ان کے کنبے کو آدھار سہولیت فراہم کی جاسکے گی۔سالانہ دِن کی تقریب میں وزیر موصوف مہمان خصوصی تھے۔ اس موقعہ پر رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا۔سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شاہ مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقریب میں موجود تھے۔ ناظم تعلیم کشمیر، چیف ایجوکیشن افسر سرینگر اور متعدد پرنسپل صاحبان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ بچیاں سماج کی عزت و آبرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ والدین بہت خوش نصیب ہیں جن کی بیٹی ہو۔کوٹھی باغ سکول کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت اس سکول کو مزید ترقی دینے اور اسے جاذب نظر بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اُٹھائے گی۔بال کاٹنے کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ حرکت کسی شرارتی عناصر کی ہے جو وادی کشمیر میں لوگوں کو امن سے جینے دینے کے خواہاں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور سی آئی ڈی محکمہ اس معاملہ کی تفتیش کر رہے ہیں اور لوگوں کو بھی اس سلسلے میں اپنا تعاون دینا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر وزیر نے تعلیم اور کھیل کود کی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طُلاب کو اسناد اور مومینٹو پیش کئے۔وزیر نے موسیقی کے سلسلے میں طُلاب کی بہتر رہنمائی کے لئے میوزک ٹیچر صاحبان کے حق میں5 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا۔