سرینگر//صوبائی سطح پر تعلیمی نمائش کے دوران کوٹھی باغ سرینگر میں سرحدی ضلع کپوارہ کے ایک دور دراز اورپسماندہ علاقہ بون واٹسر راجواڑسے تعلق رکھنے والی طالبہ نے پہلی پوزیشن جبکہ ترال کے دو دور افتادہ سرکاری تعلیمی ادارے کے طالب علم نے بھی نمایاں پوزشن حاصل کی۔ ہفتہ کو سرینگر کے ہائر سکینڈری سکول کوٹھی باغ میں صوبائی سطح مختلف مضامین میں تعلیمی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مضامین میں نمونہ پیش کئے گئے ۔ ضلع سطح پر اگرچہ پہلے ہی ونٹر کیمپ کے دوران طالب علمو ں نے مختلف مضامین میں نمونے تیار کئے اور کپوارہ ضلع کے13تعلیمی زونو ں میں 77نمو نو ں کی نمائش کی گئی تاہم7نمونے منتخب کئے گئے ۔ہفتہ کو جب سرینگر کے کوٹھی باغ سکول تعلیمی نمائش کی گئی تو اس دوران ارود مضامین میں بون واٹسر راجواڑ کپوارہ کی طالبہ رضیہ منظوردختر منظور احمد میر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔رضیہ کی کامیابی پر ضلع کے سیاسی و سماجی کارکنو ں جن میں راسخ رسول ،ٹیچر فورم کپوارہ ،ایجیک (ق)کے میر فیاض اور ماہرین تعلیم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی ہے۔ادھر زون لرگام ترال کے ونٹر کیمپ مونگہامہ میں ساتویں جماعت میں زیر تعلیم عارف احمد میر نے اپنے اساتذہ کی نگرانی میں’’دیہاتی اور شہری زندگی ‘‘پر ماڈل تیار کیاجو صوبائی سطح پرنمایا پوزشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے ۔اسی طرح ونٹر کیمپ بٹ نور زون ترال کے تحت یوپی ایس ہرگام بٹنو ر کے ساتویں جماعت میں زیر تعلیم اسرار احمد لون نے اپنے اساتذہ کی نگرانی میں ’’گوجر کوٹھہ‘‘کے عنوان سے کرافٹس میں صوبائی سطح پر بھی نمایا پوزیشن حاصل کرکے ترال کا نام پھر ایک بار روشن کیا ہے ۔