سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے کوٹرنکہ سب ڈویژن کے پنجناڑہ گاؤں میں زمین دھنسنے کا ایک سنگین واقعہ پیش آیا ہے جس نے مقامی آبادی کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تقریباً 1 سے 2 مربع کلومیٹر رقبے پر زمین دھنسنے سے 15 سے 20 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں بڑے پیمانے پر دراڑیں پڑ گئی ہیں اور کئی دیواریں گر چکی ہیں۔مقامی شخص محمد اعظم نے بتایا کہ’’ہم مستقل خوف میں جی رہے ہیں، زمین بیٹھ رہی ہے اور ہمارے گھروں میں بڑی دراڑیں آ رہی ہیں۔ کئی مکانوں کی دیواریں گر چکی ہیں اور باقی کسی بھی وقت منہدم ہو سکتے ہیں‘‘۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ، دل میر نے بتایا کہ انتظامیہ نے احتیاطی اقدام کے طور پر 20 متاثرہ خاندانوں کے 90 افراد کو سرکاری رہائش میں منتقل کر دیا ہے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔ انہیں ایک زیرِ تعمیر ہیلتھ بلڈنگ میں عارضی طور پر ٹھہرایا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم، ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کے ہمراہ، جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور انہی کی مدد سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ یہ ٹیم ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر طلب کی گئی تھی۔موقع پر تعینات اہلکار مسلسل صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ تخمینہ لگانے والی ٹیمیں نقصان کی شدت اور آئندہ ممکنہ خطرات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور حفاظتی اقدامات میں مکمل تعاون کریں۔ادھر بدھل کے ممبر اسمبلی جاوید اقبال چوہدری نے گاؤں پنجناڑہ میں ہوئے نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’صرف اس گاؤں میں ہی 20 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ہم نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو الرٹ کیا جس پر ڈپٹی کمشنر ابھیشیک شرما نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا اور یوں ایک بڑی تباہی کو ٹال دیا گیا‘۔ایم ایل اے نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ اگلے ہفتے ذاتی طور پر تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور ہر اس خاندان کو امداد فراہم کی جائے گی جس کا گھر متاثر ہوا ہے۔