محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ 8برسوں سے بی ایس این ایل مواصلاتی کمپنی کا مواصلاتی نظام ٹھپ پڑا ہو ہے جس کی وجہ سے صارفین کی ایک بڑی تعداد متاثر ہورہی ہے ۔صارفین نے بتایا کہ سب ڈویژن میں 2015تک کمپنی کی جانب سے سروس فراہم کی جارہی تھی لیکن اس میں بہتری لانے کے بجائے سروس کو ٹھپ کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے کنڈی اور دراج علاقوں میں نصب کئے گئے موبائل ٹاور اب بے سود ثابت ہو رہے ہیں ۔صارفین نے بتایا کہ مذکورہ مواصلاتی سروس کی فراہمی کیلئے کئی مرتبہ مقامی سیول انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران اور مواصلاتی کمپنی کو بھی یاداشتیں پیش کی گئی لیکن آج تک نہ ہی اس سلسلہ میں کوئی جواب دیا گیا اور نہ ہی کمپنی کی جانب سے سروس دوبارہ سے فراہم کرنے کا کوئی آغاز کیاگیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کمپنی کی جانب سے صرف سم کارڈ فروخت کرنے کیلئے صارفین کو بیو قوف بنانے کی کوششیں کی جاتی ہیں جبکہ زمینی سطح پر صارفین کو سروس ہی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں خراب پڑی ہوئی سروس کو جلدازجلد ٹھیک کر کے صارفین کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔