کوٹرنکہ میں مبینہ مارپیٹ سے بچے کو زخمی کرنے کا معاملہ ہیڈماسٹر کے خلاف کیس درج،اے ڈی سی دفتر کیساتھ منسلک

عظمیٰ نیوزسروس

کوٹرنکہ// راجوری ضلع کے کوٹرنکہ علاقے میں ایک سرکاری سکول کے ٹیچر کے خلاف پولیس نے تیسری جماعت کے ایک لڑکے کو بری طرح پیٹنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ واقعہ کے وقت سکول کے انچارج ہیڈ ماسٹر سرکاری ڈیوٹی میں مصروف تھے۔ 8 سالہ لڑکا ٹوائلٹ گیا ہوا تھا، باقی کلاس شور مچا رہی تھی۔ لڑکے کے واپس آنے پر مشتعل انچارج ہیڈ ماسٹر نے مبینہ طور پر اس کے کان پر تھپڑ مارنے سمیت اسے شدید جسمانی زیادتی کا نشانہ بنایا۔لڑکے کے کان سے بہت زیادہ خون بہنے لگا اور ایک گہرا زخم لگا۔ استاد نے صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے لڑکے کو قریبی میڈیکل شاپ پر لے گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دی گئی اور زخم پر پٹی باندھ دی گئی۔تاہم ٹیچر مبینہ طور پر اس واقعے کے بارے میں لڑکے کے گھر والوں کو مطلع کرنے میں ناکام رہا اور اسے گھر بھیج دیا۔جیسے ہی خون بہہ رہا تھا، لڑکے کے والدین اسے علاج کے لیے کوٹرنکہ ہسپتال لے گئے۔ کان کی چوٹ کی شدت کے باعث ہسپتال کے ڈاکٹروں نے لڑکے کو جی ایم سی راجوری ریفر کرنے سے پہلے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔اپنے بیٹے اور دیگر طلباء سے واقعہ کے بارے میں جاننے کے بعدلڑکے کے والدین نے کوٹرنکہ پولیس سٹیشن میں انچارج ہیڈ ماسٹر کے خلاف ایف آئی آر نمبر 49/2024زیردفعہ75جوینال جسٹس ایکٹ او323 آئی پی سی درج کیا گیا ہے ۔وہیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکوٹرنکہ نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے وجہ بتاو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور ہیڈ ماسٹر کوانکے دفترکیساتھ منسلک کیا گیا ہے۔