محمد بشارت
کوٹرنکہ //جموں و کشمیر کے طول و عرض میں گزشتہ روز بالائی علاقوں میں زبردست برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کے بعد دوپہر کو موسم صاف ہو گیا، جس سے عوام نے راحت کی سانس لی تاہم، شدید بارش کے دوران کوٹرنکہ اور بدھل کے متعدد علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی نے مشکلات پیدا کیں۔کسانوں نے بارش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سخت خوشکسالی کی وجہ سے گندم، سرسوں، اور ساگ جیسی فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ پانی کی کمی کے باعث فصلیں زرد پڑنے لگی تھیں، اور یہ بارش ان کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔کوٹرنکہ اور بدھل کے عوام نے بارش کے دوران بجلی کی غیر موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے نظام کو فوری طور پر درست کیا جائے تاکہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاقے کے کسانوں اور دیگر مکینوںنے انتظامیہ سے یہ اپیل بھی کی کہ موسم کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ضروری سہولیات مل سکیں اور روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہو۔گزشتہ روز کی برفباری اور بارش سے جہاں ایک طرف سردی میں اضافہ ہوا، وہیں پانی کی قلت کے شکار علاقوں میں زمین کے لئے زندگی کا سامان بھی مہیا ہوا ہے۔ لوگوں کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید بہتر ہوگا، اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں بہتری آئے گی۔ضلع انتظامیہ کو عوامی مشکلات کا نوٹس لے کر فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں اور بنیادی سہولیات کی دستیابی ممکن ہو۔