محمد بشارت
راجوری// بدھل اولڈ بی کوٹرنکہ کے علاقے کی پنچایت دھار میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں طالب حسین، نظیر حسین، اور جاوید ولد محمد بشیر کے مشترکہ مویشی خانہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کے نتیجے میں چار بھینسیں ہلاک ہوگئیں جبکہ تقریباً دس بکریاں بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔حادثے میں متاثرہ خاندان کا گھر کا سازوسامان بھی مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی، لیکن نقصان اتنا شدید تھا کہ اسے روکنا ممکن نہ ہو سکا۔سابقہ سرپنچ اعجاز احمد نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر متاثرہ خاندان کو امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ’یہ غریب خاندان اپنی روزی روٹی کیلئے مکمل طور پر ان مویشیوں پر انحصار کرتے ہیں، اور اس نقصان کی تلافی ان کے لئے ممکن نہیں‘‘۔واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لئے مقدمہ درج کیا ہے۔ متاثرہ افراد اور مقامی لوگوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ انہیں جلد از جلد ضروری امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اس مشکل وقت سے نکل سکیں۔