پونچھ//جموں و کشمیر کے دوسرے اضلاع کی طرح سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ نے ضلع میں سختی کے ساتھ پابندیاں عائد کی ہیں جس سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔بندشوں کی وجہ سے لوگوں اپنے گھروں میں محصور ہیں تاہم ان بندشوں کی وجہ سے عام زندگی بالخصوص غریب طبقہ کی مشکلات میں شدید اضافہ ہو گیا ہے ۔دونوں سرحدی اضلاع میں مزدور طبقہ کی ایک بڑی تعداد آباد ہے جن کا گزر بسر محنت مزدوری پر ہے تاہم کووڈ لاک ڈائون کی وجہ سے ان کی زندگی بُری طرح سے متاثر ہو گئی ہے ۔سرحدی ضلع پونچھ میں مقامی اور بیرون ریاست سے آئے ہوئے مزدور، پھری لگا کر روزی کمانے والے لوگ لگاتار لاک ڈاؤن میں دو وقت کی روٹی کے لئے مجبور ہو رہے ہیںجبکہ ہزاروں روپئے کے کرایوں پر دکا ٰنیں لیکر کاروبا ر کرنے والے بیرونی ریاستوں کے تاجر اور مقامی تاجروں کا بھی از حد نقصان ہورہا ہے ۔غلام محمد نامی ایک مزدور نے بتایا کہ وہ ساوجیاں کے ایک گائوں کے رہنے والے ہیں پونچھ میں مزدوری کرتے ہیں ،یا ردی کے کاغذ اور کوڑا کچرا جمع کر کے اسے بیچتے ہیں اور اپنا روزگار چلاتے ہیں تاہم کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے سرکار کی جانب سے لاک ڈاون نافذ کیا گیا جس کی وجہ سے وہ بے روزگار ہو رہے ہیں۔بیرون ریاست کے ایک کاروباری نے بتایا کہ ان کو مال بیچنے میں دشواریاں ہور ہی ہیں۔ان کا کہناتھا کہ انھیںسخت مشکلات سے گزرنا پڑ رہا ہے اور اب وہ اپنے گھر بھی واپس نہیں جا پارہے ہیں۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ اس مشکل حالات میں ان کی مدد کی جائے۔