گول//پوری دنیا کے ساتھ ساتھ گاوں گائوں میں عالمی وباء کورونا وائرس سے لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور کئی لوگوں کی جانیں بھی دور دراز علاقوں میں گئیں جس کے لئے سرکار نے زمینی سطح سے ہی اس وباء کے خلاف جنگ لڑنے کے لئے ادنیٰ سے ادنیٰ ورکر کو تیار رہنے کو کہا وہیں عام لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سرکار کا بھر پور ساتھ دے کر اس عالمی وباء کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے اس جنگ میں شریک ہوں ۔ ضلع رام بن کے گول سب ڈویژن میں بھی اب تک سینکڑوں لوگ اس عالمی وباء(کورونا وائرس) سے جہاں متاثر ہوئے وہیں جانیں بھی گئیں اور گزشتہ سال کے بر عکس امسال لوگ کافی احتیاط برت رہے ہیں ۔ جہاں لاک ڈاون کی وجہ سے معیشت کو شدید دھچکا لگا اور غریب عوام کافی پریشان حال ہے وہیں تعلیم پر بھی کافی منفی اثرا پڑا لیکن اس کے با وجود انتظامیہ اس عالمی وباء کو جڑ سے ختم کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے جس کے لئے فرنٹ لائن پر کھڑے محکمہ صحت کے ملازمین کی کا رکردگی قابل ستائش ہے ۔ بلاک میڈیکل آفیسر گول بشیر احمد تراگوال نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت سب ڈویژن میں اس مہلک وباء سے لڑنے کے لئے پوری طرح تیار ہے اور اس وقت ہمارے پاس چھوٹے بڑے سو سے زائد آکسیجن سلینڈر موجود ہیں اور اب تک کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ٹیسٹ بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں اور اب تک نوے فیصد سے زائد ویکسین دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔ بی ایم او نے کہا کہ اس وقت 130کیس جو موجود ہیں کافی لوگ جو اس مرض میںمبتلا ہوئے تھے وہ صحت یاب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع رام بن میں سب سے کم کیس موجود ہیں ۔بی ایم او نے کہا کہ اس وقت ہم نے سرکاری ایمبولینس کے علاوہ نجی گاڑیوں کو بھی لے رکھا ہے جب ضرورت پڑتی ہے تو انہیں فون کر کے کام انجام دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ ویکسین کرائیں کیونکہ یہ صحت کے لئے کافی مفید ہے اورجو لوگ اس سے ڈر رہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اس کی پوری جانکاری لیں اور سوشل میڈیا پر افواہوں پر دھیان نہ دیں پڑھے لکھے لوگوں سے اس بارے میں جانکاری لیں ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس عالمی وباء کے خلاف جنگ میں ہمارا ساتھ دیں ویکسین کرائیں ، ٹیسٹ کرائیں ، اپنے آپ کو اور اپنے بچوں کو اس مہلک وباء سے بچائیں ۔