کون کہتا ہے کہ ہمارے پاس طاقت نہیں ہے؟

Mir Ajaz
3 Min Read

عظمیٰ نیوزسروس

جموں//اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے “کافی طاقتور” ہے، جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلی سریندر چودھری نے جمعرات کو ملازمین سے کہا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔پارٹی کے بانی شیخ محمد عبداللہ کو ان کے 119 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے نیشنل کانفرنس (این سی) کی طرف سے یہاں اپنے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر نے گزشتہ چھ سال میں “بیوروکریٹک راج” کی وجہ سےکافی نقصان اٹھایا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے نامہ نگاروں کو بتایا”کون کہتا ہے کہ ہمارے پاس طاقت نہیں ہے؟ سب کچھ واضح ہے اور ہماری طاقت پر شک کرنے والے کو معلوم ہونا چاہیے کہ ہم نے نظام کو جوابدہ بنانے کے لیے کم کارکردگی دکھانے والے افسران کو معطل کیا ہے۔ ہمارے پاس مکمل اختیار ہے اور ہمارا مقصد گڈ گورننس ہے‘‘ ۔وہ ایک سوال کا جواب دے رہے تھے کہ این سی کی قیادت والی حکومت کے پاس مرکز کے زیر انتظام علاقے میں طاقت نہیں ہے۔انکاکہناتھا’’ہم اپنے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی نہیں کرنا چاہتے اور ان سے درخواست کر رہے ہیں کہ وہ ہماری طرح اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں۔ عوام کے مسائل کو بروقت حل کرنے کی ضرورت ہے، جو ان کا حق ہے‘‘۔ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ لوگوں نے این سی کو ووٹ دیا اور ہم کسی کے دشمن نہیں ہیں۔ ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں اور ملازمین بھی کچھ احتساب کریں۔ وہ (ملازمین) ہمارے اپنے لوگ ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ حکومت کے عوام نواز فیصلوں پر عمل درآمد کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے سامنے کئی چیلنجز ہیں جن میں سب سے بڑا چیلنج بیوروکریٹک حکمرانی کی وجہ سے نظام کی خرابی ہے۔ انکاکہناتھا’’سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا جیسے جیسے وقت گزرے گا‘‘۔انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ریاست کی جلد بحالی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

Share This Article