جموں //قانون ساز کونسل کی نشستوں کے انتخابات کیلئے جن 8 اُمیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کئے ہیں ، ان کو جانچ پڑتال کے بعد صحیح پایا گیا ۔ ریٹرننگ افسر محمد رمضان نے اُمیدواروں کی موجودگی میں کاغذات کی جانچ پڑتال کی ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ قانون ساز کونسل کی 6 نشستوں کے انتخابات کیلئے کُل 8 اُمیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے ۔ ایوان بالا کے 6 ممبران 19 اپریل 2017 کو سبکدوش ہو رہے ہیں جس کے بعد یہ نشستیں خالی ہو رہی ہیں ۔ جن اُمیدواروں نے کل اپنے کاغذات داخل کئے اُن میں پی ڈی پی کے امیدوار عبدالقیوم ڈار ( جموں خطہ ) اور یاسر ریشی ( کشمیر خطہ ) ، بی جے پی اُمیدوار وکرم رنداوا ( جموں خطہ ) اور پردیپ شرما ( ضلع پونچھ ) ، گرداری لال رینہ اور اشوک کمار بھٹ ( خطہ کشمیر ) اور این سی اُمیدوارآغا سید محمود ( خطہ کشمیر ) اور کانگریس اُمیدوار ٹھاکر بلبیر سنگھ ( خطہ جموں ) شامل ہیں ۔ قابلِ ذکر ہے کہ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 اپریل 2017 مقرر کی گئی ہے اور ضرورت پڑنے کی صور ت میں انتخابات 17 اپریل 2017 کو عمل میں لائے جائیں گے ۔