سرینگر//وزیر مملکت برائے مکانات و شہری اور رکن اسمبلی حضرتبل آسیہ نقاش نے کہاکہ حکومت 700سالہ قدیم جامع مسجد سرینگر کے منفرد ثقافت و ہیرٹیج کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ وزیرنے اس کا اظہار کل جامع مسجد نوہٹہ کے تفصیلی دورے کے دوران کیا۔ جامع مارکیٹ ٹریڈریس فیڈیریشن کے نمائندے وزیر سے ملے اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر نے کمشنر ایس ایم سی کو موقعہ پر ہی جامع مسجد علاقے کے ارد گرد صفائی ستھرائی میں بہتری لانے اور جامع مسجد علاقے میں سٹریٹ لائیٹس نصب کرنے اور خواتین کے لئے وضو خانہ تعمیرکرنے اور نالیوں کو فوری طور صاف کرنے کی ہدایت دی تاکہ زائرین کو کسی دقت کا سامنا نہ کرناپڑے۔انہوں نے کمشنر ایس ایم سی کو فوری طور معقول جگہ کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی تاکہ جامع مسجد کے غریب خوانچہ فروشوں کی معقول باز آباد کاری عمل میں لائی جاسکے گی۔ انہوں نے جامع مسجد کے نزدیک 1.87کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے کمیونٹی ہال پر ہورہے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا ۔ اور متعلقہ انجینئروں کو تعمیراتی کام میں سرعت لانے لانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر وزیر نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی جامع مسجد احاطے کی دیدہ ذیبی کے مرکزی پروجیکٹ کے تحت دستیاب 4.29کروڑ روپے میں سے 3.93کروڑ روپے صرف کئے ہیں جس کے تحت جامع مارکیٹ کی تعمیر و ترقی ، لائیٹنگ سسٹم کو بہتر بنانے کے علاوہ انفارمیشن سینٹر بھی کیاگیا جوکہ دیدہ زیبی پروجیکٹ کا ایک حصہ ہے اور جس پر 1.02کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے تاکہ 700سالہ قدیم جامع مسجد سرینگرکی منفرد ثقافتی و ہیرٹیج کو قائم رکھا جاسکے۔بعد میں وزیر نے رعناواری کے اندرونی علاقوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔وزیر کو مطلع کیا گیا ہے کہ رعناواری علاقے میں امرت سکیم کے تحت نکاسی آب نظام کی تعمیرکے لئے 18کروڑ روپے مختص رکھے گئے تھے اور علاقے میں جدید نکاسی آب نظام کی تعمیر کے لئے یو ای ای ڈی نوڈل ایجنسی مقرر کی گئی ہے۔آسیہ نے یو ای ای ڈی کے انجینئروں کو سرما کی آمد سے قبل نکاسی آب نظام کی تعمیر کا کام شروع کرنے کے لئے کہا تاکہ مقامی لوگ اس سے مستفید ہوسکیں ۔انہوں نے گر پورہ ( خشکی ) محلہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں 2کروڑروپے کی لاگت سے تعمیر کئے جارہے کمیونٹی ہال پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ مکانات و شہری ترقی کو کمیونٹی ہال فوری طور تعمیر کرنے کی ہدایت دی تاکہ مقامی لوگ اس سے استفاد ہ کرسکیں۔