عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کولگام ضلع میں جمعرات کو ملی ٹینٹوں کے دو ساتھیوں کو اے کے 47 رائفلوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے دو ملی ٹینٹ ساتھیوں کو گرفتار کیا جن کی شناخت منظور احمد بٹ ساکن نپورہ اور الطاف احمد لون ساکن زادورا کے طور پر کی گئی ہے جن کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ برآمدگی قاضی گنڈ تحصیل کے لوئر منڈا علاقے میں گرفتار افراد سے کی گئی۔ برآمدات میں دو AK-47 رائفلیں، چار میگزین اور گولہ بارود کے رانڈ شامل تھے۔ گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے قریب مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد فوج کی گھات لگائے ہوئی ایک پارٹی نے فائرنگ کردی۔ حکام نے جمعرات کو بتایا کہ دراندازی کے ممکنہ راستوں پر گھات لگا کر ڈیوٹی پر مامور فوجیوں نے بدھ کی رات دیر گئے بگیلدرا گائوں کے قریب مشتبہ نقل و حرکت دیکھی اور چند رائونڈ فائرنگ کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی مشتبہ مقام کے گرد گھیرا مزید مضبوط کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ فوج کی فائرنگ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حکام کے مطابق جمعرات کو پہلی روشنی میں سرچ آپریشن شروع کیا گیاجو کئی گھنٹوں تک جاری تھا۔ادھر سیکورٹی فورسز نے سرنکوٹ پونچھ میں ایک زنگ آلودہ مارٹر شیل بر آمد کیا جسے بعد میں ناکارہ بنایا گیا۔