کولگام //چند روز کے وقفہ کے بعد کولگام میں ایک بار پھرچوٹی کاٹنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک بجکر پنتالیس منٹ پر، جب گائوں کے مرد کولگام کے مضافاتی گائوں اوکے میں نماز جمعہ کیلئے گئے تھے، تو کوئی نامعلوم شخص مشتاق احمد کے گھر میں داخل ہوا اور وہاں آٹھویں جماعت کی طالبہ، جو اُس وقت پڑھ رہی تھی، پر سپرے پھینکا جس سے وہ بیہوش ہوگئیں اور بیہوشی کی حالت میں اسکے بال تراشے گئے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ طالبہ نے شور بھی مچایا تھا جس کے باعث خواتین جمع ہوئیں اور کچھ لوگ بھی یہاں پہنچ گئے لیکن ملوث شخص فرار ہوا تھا۔واقعہ کے بعد گائوں کے مرد و زن گھروں سے باہر آئے اور انہوں نے مظاہرے کئے۔اس موقع پر شوپیان کولگام روڑ کو بند کیا گیا اور دھرنا دیا گیا۔ بعد میں مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوئے۔