کولگام+اننت ناگ//جنوبی ضلع کولگام کے یاری پورہ علاقے میں جنگجوﺅں نے موٹر سائیکل پر سوارپولیس اہلکار پر گولیاں چلاکر اسے ہلاک کیا۔ادھرمٹن میں فورسز نے محاصرہ کیا،جس کے ساتھ ہی انٹرنیٹ سروس بند کی گئی،تاہم بعد میں تلاشیوں کے بعد محاصرہ اٹھایا گیا۔ کولگام کے یاری پورہ قصبہ میں بدھ کی سہ پہر اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب جنگجوﺅں نے ایک پولیس اہلکار پر پے در پے کئی گولیاں چلائیں،جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوا۔ اسلحہ برداروں نے یاری پورہ کے کانجی کلا پل کے نزدیک موٹر سائیکل پر سوار مذکورہ پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا۔جس کے نتیجے میں وہ خون میں لت پت ہوکر وہی گر گیا۔اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ مہلوک اہلکار کی شناخت بعد میں گوہر احمد تانترے ولد نذیر احمد ساکن کجر کولگام کے طور پر ہوئی۔اسکی ڈیوٹی شوپیان مغل روڑ پر پادپاون نامی گاﺅں میں کسی کی حفاظت پر مامور تھی۔ وہ 8دسمبر 2016کو پولیس میںبھرتی ہوا تھا ۔معلوم ہوا ہے کہ وہ پادپاون شوپیان سے رخصت پر گھر آرہا تھا۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور فورسز کی کافی تعداد وہاں پہنچ گئی اور انہوں نے عام لوگوں سے واقعہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس دوران جب مذکورہ اہلکار کی ہلاکت کی اطلاع گاﺅں والوں کو ملی تو وہاں ہر طرف مایوسی پھیل گئیجبکہ کئی لوگوں کو روتے بلکتے بھی دیکھا گیا۔ادھرمٹن کے لون پورہ میں بدھ کو اس وقت تناﺅ اور کشیدگی کا ماحول دیکھنے کو ملا جب فورسز اور فوج نے بعد از دوپہر علاقے کو اچانک محاصرے میں لیا اور تلاشیوں کا سلسلہ شرع کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق فورسز اور فوج کی بڑی تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لیا،اور اس دوران علاقے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق محاصرے کے ساتھ ہی انٹرنیٹ کی سہولیات کو بھی منقطع کیا گیا۔عین شاہدین کے مطابق تاہم بعد میں دو گھنٹے کے بعدمحاصرہ ہٹایا گیااور اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی،تاہم بتایا جاتا ہے کہ علاقے سے ممکنہ طور پر جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔