کولگام// کولگام میںپُراسرار دھماکے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہوئے۔کولگام کے چڈر نامی گاؤں میں جمعرات کی صبح قریب گیارہ بجے ایک کباڑی کی دکان میں موجود کوڑا کرکٹ میں اچانک دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع ہی ہلاک جبکہ دو دیگرزخمی ہوئے۔بتایا جاتا ہے کہ کوڑا کرکٹ کے ساتھ کچھ دھماکہ خیز مواد تھا جو پھٹ کر دھماکے کا سبب بنا۔ مہلوک کی شناخت نذیر احمد بٹ ولد عبدالخالق بٹ کے بطور ہوئی ۔زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹر کیموہ منتقل کیا گیا جہاں سے عباس نامی شدید زخمی کو ضلع ہسپتال اننت ناگ ریفر کیا گیا۔دریں اثنا ریاستی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ کولگام کے چڈر علاقے میں قائم ایک کباڑی دکان کے اندر کام میں مصروف مزدور حال ہی میں لائے گئے نئے کباڑ کو علیحدہ کر رہے تھے کہ اس دوران دکان کے اندر ہی دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے نذیر احمد بٹ کو مردہ قرار دیا جبکہ دھماکہ میں شدید طورپر زخمی ہونے والوں محمد عبداللہ اور یاور احمد کا علاج ومعالجہ چل رہا ہے۔