سرینگر//دفعہ35اے سے متعلق نیشنل کانفرنس کی جانکاری مہم ریاست بھر میں جاری ہے اور سلسلے میں پارٹی کی طرف سے ورکشاپوں، ریلیوں اور اجلاسوں کا سلسلہ وسیع پیمانے پر جاری ہے۔ کولگام میں یوتھ نیشنل کانفرنس کی جانب سے ایک ریلی کا انعقاد ہوا۔ جس کی قیادت ضلع صدر کولگام و ایم ایل اے ہوم شالی بگ ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی، صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار، ضلع سکریٹری صفدر علی خان اور یوتھ صدر اشتیاق گنائی کررہے تھے۔ ریلی کا اہتمام ٹائون ہال کولگام سے ڈی سی آف کولگام تک ہوا۔ریلی کے شرکا ء نے ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن اور پہچان کیخلاف کی جارہی سازشوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور نعرے بازی بھی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی لیڈران نے دفعہ35Aکی اہمیت اور افادیت کے علاوہ آئین ہند کی اس دفعہ کے خاتمے سے جموں وکشمیر کے عوام پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں بھی آگاہی دلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ سے ریاست جموں وکشمیر کے سٹیٹ سبجیکٹ قانون آئین میں تحفظ فراہم ہوا ہے اور کشمیر دشمن عناصر نے عدلیہ کا راستہ اختیار کرکے اسے ختم کرنے کی سازشیں رچائی ہیں۔ ایسے میں جموں و کشمیر کے ہر پشتینی باشندے کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس دفعہ کیخلاف ہورہی سازشوں کا دفاع کرنے کیلئے سامنے آئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس نے اس دفعہ کا دفاع کرنے کیلئے رائے عامہ کو منظم کرنے کیلئے ایک تحریک شروع کی ہے ، جس میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو سیاسی اور دیگر اختلافات بالائے طاق رکھ کر شامل ہونے کی ضرورت ہے۔