کولگام // کولگام میںسنیچر کی رات اس وقت سناٹا چھا گیا جب یہاں اچانک گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں۔ کولگام کے مضافاتی گائوں میں قائم سی آر پی ایف کیمپ میں تعینات اہلکاروں نے اچانک رات کے 10 بجے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی معلوم ہوا ہے کہ 18 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ کی حفاظت پر معمور اہلکاروں نے رات کی تاریکی کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پورا گائوں لرز اٹھا ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے کی گئی فائرنگ تقریباً 4 منٹ تک جاری رہی جس کے نتیجے میں یہاں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی اور لوگ گھروں کے اندر سہم کر رہ گئے ۔ ایس پی کولگام شری دھر پاٹیل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ سی آر پی ایف کیمپ کی حفاظت پر معمور اہلکاروں نے کیمپ کے نزدیک کچھ مشکوک نقل و حرکت دیکھی جس کے بعد انہوں نے احتیاطی طور ہوا میں گولیوں کے کچھ رائونڈ چلائے ۔