سرینگر// جنوبی ضلع کولگام میں ہفتہ کی شام جنگجوﺅں کے حملے میں جموں وکشمیر پولیس کا ایک ہیڈ کانسٹیبل ہلاک ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے فرصل ،یاری پورہ علاقے میں جنگجوﺅں نے پولیس کی ایک ناکہ پارٹی کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد امین شدید طور پر زخمی ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔
مقامی ذرائع نے کہا کہ واقعہ کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس نے بلاک میڈیکل آفیسر کیموہ، ڈاکٹر عبد الغنی کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ پولیس اہلکار کے سر پر گولی کا زخم تھا اور اُسے مردہ حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔