کولگام میں جماعت اسلامی سے وابستہ اعلیٰ ذمہ دار گرفتار

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
 سرینگر//جماعت اسلامی نے سرکاری فورسز کی طرف سے ایڈوکیٹ زاہد علی اور فاروق احمد شیخ کو گرفتار کئے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں جماعت نے کہا ہے کہ ایڈوکیٹ زاہد علی (ترجمان و ناظم شعبہ سیاسیات)سمیت فاروق احمد شیخ (امیر تحصیل کولگام) کو گزشتہ شام پولیس نے گوپال پورہ علاقہ سے اُس وقت گرفتارکیا جب دونوں جماعتی رہنما ایک تعزیتی مجلس سے واپس آرہے تھے۔بیان کے مطابق موصوفین کو متعلقہ ضلع کے ایس پی کی بے جا ہدایات کے تحت گرفتار کرکے پہلے پولیس تھانہ کولگام اور بعد میں پولیس تھانہ دمحال ہانجی پورہ میں قید کرکے رکھا گیا ہے۔ ان گرفتاریوں سے واضح ہوجاتا ہے کہ کس طرح یہاں اقتداری طبقہ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے غیر یقینی کی صورتحال کو پروان چڑھارہے ہیں۔ بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں کو بے بنیاد الزامات کے تحت دفعہ ۱۳؍(غیر قانونی سرگرمیوں) کے تحت پابند سلاسل کردیا گیا ہے جس سے یہ ثبوت پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے کہ یہاں کی سرکاراور انتظامیہ مجبور ومقہور لوگوں کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے میں مصروف عمل ہے۔ نیز جماعت اسلامی صدرکوٹ بانڈی پورہ ، بارہمولہ، اسلام آباد،حول سرینگر سمیت مختلف مقامات پر نہتے اور پرامن مظاہرین پر سرکاری فورسز کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسان کے بنیادی حقوق کی صریح پامالی قرار دیتی ہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *