عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جنوبی ضلع کولگام کے چینی گام فرصل اور موتر گام میں دو الگ الگ مسلح تصادم آرائیوں میں 2فوجی اہلکار اور چار ملی ٹینٹ ہلاک جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔پولیس نے کہا کہ موتر گام میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتے کے روز گائوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ پولیس نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔پولیس کے مطابق ابتدائی فائرنگ میں ایک فوجی جوان زخمی ہوا جس کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔معلوم ہوا ہے کہ یہاں 2ملی ٹینٹ محاصرے میں ہیں اور فائرنگ جاری ہے۔ابھی موتر گام کولگام میں تصادم جاری تھا تو چار کلومیٹر کی دوری پر واقع چینی گام فرصل میں بھی سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم شروع ہوا۔پولیس کاکہنا ہے کہ چینی گام میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں چار ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔حکام کے مطابق چینی گام میں چار ملی ٹینٹوں کی لاشیں دکھائی دی ہیں اور وہاں پر فائرنگ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔بتایا جاتا ہے کہ یہاں پر بھی ایک فوجی مارا گیا جبکہ ایک زخمی ہوا۔
آئی جی پی
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردھی نے ہفتے کی شام بتایا کہ کولگام کے چینی گام میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تصادم جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ تصادم کی جگہ ملی ٹینٹوں کی لاشیں نظر آئی ہیں تاہم انکاونٹر اختتام پذیر ہونے کے بعد ہی مہلوکین کے بارے میں جانکاری فراہم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہفتے کی صبح سیکورٹی فورسزکو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ کولگام کے چینی گام علاقے میں ملی ٹینٹوں کو دیکھا گیا ہے۔آئی جی کے مطابق جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ رہائشی مکان کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ان کے مطابق سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔آئی جی کشمیر سے جب سوال کیا گیا کہ چینی گام میں کتنے ملی ٹینٹ مارے گئے تو انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کی لاشیں دکھائی دی ہیں تاہم آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی جانکاری فراہم کی جائے گی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس نے مزید بتایا کہ سیکورٹی کے نظریہ سے یہ آپریشن کامیاب رہا اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کو بڑی کامیابی ملی ہے۔