سرینگر//کولگام میں ایک شہری کونامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں گولی مار کر ہلاک کئے جانے کی سیاسی جماعتوں نے شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے میں ملوث افراد کو فوری طور گرفتار کرکے قرارواقعی سزادی جائے۔ اپنی پارٹی نے کولگام کے رہائشی ستیش کمار سنگھ پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اپنی پارٹی ترجمان اعلیٰ نے پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ، ’’اپنی پارٹی ستیش کمار سنگھ پر بزدلانہ اور گھناؤنے حملے کی شدید مذمت کرتی ہے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ بے حس اور بلاجواز تشددد کے اِس عمل میں ایک اور معصوم قیمتی جان ضائع ہوئی اور یہ عمل بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے سوگوار کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی قیادت نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس حملے کو ہم آہنگی کی ثقافت اور بھائی چارے کو بگاڑنے کی کوشش قرار دیا۔ کولگام ضلع کے کاکران علاقہ میں نامعلوم بندوق برداروں کے ہا تھوں ایک شہر ی کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے سی پی آئی ایم کے رہنما یوسف تاریگامی نے دکھ کا اظہار کیا۔انہوںنے کہا کر یہ دلدوز واقعہ ہے اس سے نہ صرف مذہب بلکہ ہماری کشمیریت پر بھی اثر پڑ سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی دوسرے مذہب کے لوگوں کو مارنے کی اجازت نہیں دیتا ہے اور جس نے یہ کام انجام دیا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات سے نا انصافیوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لوگ بد دل ہو رہے ہیں۔ تاریگامی نے کہا میں ملک کے بیشتر علاقوں کا دورہ کرکے واپس آیا اور میں وہاں کے لوگوں سے ملا اور میں نے لوگوں کو کہا کہ آپسی بھائی چارہ رکھنا کیونکہ کوئی بھی مذہب آپس میں بیر رکھنا نہیں سکھاتا ہے۔ یہاں قدم رکھتے ہی میں کافی دل برداشتہ ہو اہوں۔ انہوںنے کہا کہ میں سرکار سے اپیل کرتا ہوں کر وہ اس و اقعہ میں ملوث حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کریں۔ عوامی نیشنل کانفرنس کی صدر بیگم خالدہ شاہ اور نائب صدر مظفر شاہ نے کولگام کے رہائشی ستیش سنگھ کے قتل کی مذمت کی ہے۔رہنمائوں نے کہا کہ بے حسی کے تشدد سے ایک اور معصوم جان کی بازی ہار گیا۔انہوں نے کہاتشدد کا یہ چکر بند ہونا چاہیے۔ ہم متاثرہ کے خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے کولگام میں ستیش سنگھ نامی ٹرک ڈرائیور کی نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حملہ مختلف طبقوں کے درمیان فرقہ وارانہ نفرت پیدا کرنے کا ایک اورکوشش ہے اور مقصداس کا کشمیر کے امن پسند لوگوں کو بدنام کرنا ہے۔ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ حملہ آورکشمیریوں کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے دشمن عناصر ہی ان حملوں کے پیچھے ہوسکتے ہیں ،جو کشمیرکی سیکولرشبیہ کو داغدار کرنے پرتلے ہیں ۔
کولگام میں نوجوان کی پراسرار حالت میں موت
یواین آئی
سری نگر// کولگام کے کٹرا سو علاقے میں جمعرات کی صبح ایک 19 سالہ نوجوان کو پر اسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے کٹراسو علاقے میں ایک نوجوان بدھ کو اپنی گاڑی زیر نمبر JK05D-7923 کو مقامی ندی پر دھونے کے لئے گیا تھا لیکن وہ واپس نہیں لوٹا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ نوجوان کی لاش جمعرات کی صبح ندی کے کنارے پر پائی گئی۔متوفی کی شناخت مرتضیٰ رنگریز ولد شاہین احمد ساکن بونہ گام کولگام کے بطور کی گئی ہے ۔دریں اثنا پولیس نے جائے موقع پر پہنچ کر لاش کو طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے لئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔