کولگام+شوپیان//کھڈونی کولگام میں فوجی کیمپ اور شوپیان میں پولیس تھانے اور چوکی پر جنگجوئوں نے حملے کئے جس کے دوران کولگام میں ایک کم عمر لڑکی گولی لگنے سے مضروب ہوئی۔کھڈونی کولگام میں زرعی یونیورسٹی کے ریسرچ سینٹر کے نزدیک جمعرات علی الصبح جنگجوئوں نے فوجی کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ کی اور کیمپ کی حفاظت پر تعینات فورسز اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی فائرنگ کی ۔ فائرنگ کا تبادلہ مختصر وقت جاری رہااور جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔اسکے بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور تلاشیاں شروع کی گئیں۔گولیوں کے تبادلے کے دوران قریب ایک کلو میٹر دور وانی گنڈ کھڈونی میں مسکان نبی دختر غلام نبی نامی لڑکی گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔زخمی مسکان کو فوری طور پر اسپتال لیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ وہ کھڑکی پر بیٹھی تھی جب اسے گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوئی۔ادھر جنگجوؤں نے جمعرات کی شام 6بجکر 45منٹ پر پولیس اسٹیشن شوپیان اور پولیس پوسٹ گاگرن پر حملہ کیا۔جنگجوؤں نے پہلے پولیس اسٹیشن شوپیان پر گر ینیڈ پھینگا اور بعد میں شدید فائرنگ کی ۔اسی دوران جنگجوؤں کے دوسرے گروپ نے پولیس پوسٹ گاگرن پر فائرنگ کی۔ دونوں جگہوں پر تعینات پولیس نے جوابی فائرنگ کی تاہم کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔گرینیڈ حملہ اور فائرنگ کے بعد فورسز نے دونوں علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کردیں۔واضح رہے کہ گاگرن پولیس پوسٹ پولیس اسٹیشن شوپیان سے آدھ کلومیٹر سے بھی کم دوری پر واقع ہے۔گولیوں کی آواز سے آس پاس کے علاقوں کے لوگ گھروں میں ہی سہم ہوکر رہ گئے۔