نواز رونیال +عاصف بٹ
رام بن+کشتواڑ // ضلع ہسپتال رام بن میں تعنیات طبی و نیم طبی عملہ مغربی بنگال کے کولکتہ میں ایک خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری وقتل کو لیکر انصاف دلانے کے لیے 24گھنٹے ہڑتال پر چلاگیا ہے۔ ضلع ہسپتال رام بن میں صرف ایمر جنسی مریضوں کو ہی دیکھا گیا۔انڈین میڈیکل ایسو سی ایشن کی جانب سے دی گئی کال کے سلسلے میں ضلع ہسپتال کا پورا عملہ چوبیس گھنٹے کی ہڑتال پر گیا اور احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس سے ہسپتال کا معمول کا کام کاج ٹھپ ہوگیا اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔تمام ڈاکٹرنے ملزمان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ادھرضلع ہسپتال کشتواڑ کے ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل کے طلبہ نےبھی کولکتہ عصمت دری اور قتل کیس کے خلاف احتجاج درج کیا۔ احتجاجی ڈاکٹروں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور وہ اس افسوس ناک واقعے کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔انہوں نے ملزموں کو جلد سے جلد پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ سرجن ڈاکٹر نے اس موقعہ پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاہم دن رات لوگوں کی خدمت کرتے ہیں لیکن ہم کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کولکتہ کے واقعے سے معلوم ہوا کہ ہمارے معاشرے میں ڈاکٹر خاص طور پر خواتین محفوظ نہیں ہیں۔ہمارا یہاں جمع ہونے کا مقصد متاثرہ ڈاکٹر کے ساتھ اظہار یکجہتی کرناہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کولکتہ واقعے میں ملوث ملزمین کو فوری طور سخت سے سخت سزا دی جائے۔ضلع ہسپتال کشتواڑ میں ایمرجنسی خدمات کو چھوڑ کر دیگر سبھی طرح کی خدمات معطل رہیں۔ شام کو ڈاکٹروں و دیگر لوگوں نے جمع ہوکر کینڈل مارچ نکالا ۔کنڈل مارچ کا اہتمام شہیدی چوک سے پولیس تھانہ تک کیا گیا جس میں سینکڑوں لوگوں نے جمع ہوکر زوردار احتجاج کیا ۔
جموں میں بھاجپا خواتین ونگ کا خاموش کینڈل مارچ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی ضلع صدر جموں جنوبی ریکھا مہاجن نے آر جی کار میڈیکل کالج کولکتہ میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ گھناؤنے عصمت دری کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے خاموش کینڈل مارچ کی قیادت کی۔ ریکھا مہاجن اور شرکاء نے متاثرہ کے لیے فوری انصاف اور قصورواروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بہتر حفاظتی اقدامات اور خواتین کے خلاف تشدد سے پاک معاشرے کی ضرورت پر زور دیا۔ ریکھا مہاجن نے اس ہولناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا “کولکتہ میں ایک ٹرینی ڈاکٹر کی وحشیانہ عصمت دری خواتین کے خلاف جرائم میں خطرناک حد تک اضافے کی ایک چونکا دینے والی یاد دہانی ہے۔ ہم مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کو یقینی بنانے کے لیے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں”۔ خاموش کینڈل مارچ نے متاثرہ اور اس کے خاندان کے ساتھ لوگوں کی یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریکھا مہاجن نے جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل پر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے انڈیا بلاک اتحاد کو “سیاسی گدھ” قرار دیا اور کہا کہ انہیں اپنے ووٹ بینک کی سیاست سے اوپر اٹھ کر ایسی ہیبت ناکی پراپنی خاموشی توڑنی چاہئے،یہ خاموشی ہندوستانی اتحاد کو مہنگی پڑے گی۔