یو این آئی
نئی دہلی//سینٹرل ڈرگ اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او)نے مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ میں مبینہ طور پر آئرلینڈ، ترکی، امریکہ اور بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک میں تیار کی جانے والی جعلی دوائیں ضبط کی ہیں جن کی مارکیٹ قیمت تقریباً 6.60 کروڑ روپے ہے۔مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے بتایا کہ مشرقی علاقہ اور مغربی بنگال کے ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے کولکتہ کے ایک ہول سیل کمپلیکس میں تحقیقات کیں۔ میسرز کیئر اینڈ کیور فار یو پر چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں جعلی اینٹی کینسر، اینٹی ذیابیطس اور دیگر ادویات قبضے میں لے لی گئیں۔ ان ادویات پر آئرلینڈ، ترکی، امریکہ اور بنگلہ دیش سمیت مختلف ممالک میں تیار ہونے کا لیبل لگا ہوا ہے اور ان ادویات کی درآمدی دستاویزات ہندوستان میں نہیں ملی ہیں۔وزارت نے کہا کہ تفتیش کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کی شناخت تھوک فرم کے مالک کے طور پر کی گئی ہے۔ ملزم خاتون کو سینٹرل ڈرگ اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن ایسٹرن ریجن کے ڈرگ انسپکٹر نے حراست میں لیا ہے۔ عدالت نے ملزمہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا اور تفتیش کی اجازت دے دی ہے ۔ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔ وزارت کے مطابق قواعد کے مطابق ایسی دوائیں نقلی سمجھی جاتی ہیں۔