سرینگر//فوج نے والدین کو اپنے عسکریت پسند بچوں کو گھر واپسی کرنے کیلئے مائل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا’’ہم انکے تحفظ کی ضمانت دینگے‘‘۔سرینگر کے رنگریٹ علاقے میں واقع فوج کے جیک لائی(جموں کشمیر لائٹ انفنٹری) رجمنٹ میں152نئے اہلکاروں کی پاسنگ اوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹنٹ جنرل کنول جیت سنگھ ڈھلوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو بندوق اٹھانے سے روکیں،اور ان نوجوانوں کی قومی دھارے میں محفوظ واپسی اور باز آبادکاری کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا’’آج میں تمام مائوں سے مودبانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بندوق تھامے بچوں کو واپس گھروں میں آکر خوشحال زندگی بسر کرنے کی اپیل کریں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ان پر زور دیتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو عسکری صفوں میں شمولیت ہونے سے روکیں،اور میں اس بات کی ضمانت دیتا ہو،کہ ہم انکی محفوظ واپسی اور قومی دھارے میں شامل ہونے کیلئے سہولیات کار بنے گے۔ ڈھلون نے کہاہر کسی سماج کے ساتھ ساتھ کشمیری سماج میں بھی ماں کا ایک عظیم رتبہ حاصل ہے، جس کا کہنا سب مانتے ہیں اور ایک ماں ہی اپنے بچے کا درد سمجھ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیک لائی1947سے قوم کی خدمت کر رہی ہے۔ کور کمانڈر نے کہا’’ میں یہاں اس بات کا ذکر کرنا چاہتا ہوں کہ فوج کوئی پیشہ یا کام ہی نہیں ہے،بلکہ زندگی کا طریقہ ہے۔انکا کہنا تھا کہ فوجی اہلکار اپنے یونٹ کے باہر اپنے مزاج اور رویہ سے جانا جاتا ہے،جو وہ تربیت کے دوران پریڈ گرائونڈ میں سیکھتا ہے۔پاسنگ اوٹ پریڈ کے بعد152اہلکاروں کو تربیت کے بعد جیک لائی میں شامل کیا گیا،جن میں سے26نوجوان کشمیر جبکہ باقی جموں کے اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔ڈھلون نے کہا کہ ان اہلکاروں کو زبان،فائرنگ،جسمانی تندرستی،کھل کود،کمپیوٹر،جنگی مہارت کی تربیت دی گئی،تاکہ یہ بہتر فوجی اور اچھے انسان بنیں۔