سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ کے دوران 29جولائی کو مومن آباد میں ضلع کورٹ کمپلیکس کے افتتاح کے لئے تیاریوں کاجائز ہ لیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،کمشنر ایس ایم سی،ایس پی ،ایس پی جی ،ایس ایس پی سیکورٹی ٹریفک ،جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ،ڈی جی ایم بی ایس این ایل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔صوبائی کمشنر نے پولیس کو مومن آباد میں ضلع کورٹ کمپلیکس کے اندر اورباہر معقول حفاظتی انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے محکمہ ٹریفک کو افتتاح کے دوران کمپلیکس کے گردونواح میں بہتر ٹریفک انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔بصیر احمد خان نے کمپلیکس کے اردگرد صفائی ستھرائی کے لئے معقول انتظامات کی خاطر ایس ایم سی پراقدامات کرنے پر زوردیا۔انہوںنے متعلقہ آفیسران پر بجلی اور پانی کی معقول سپلائی لئے ہر ممکن انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے محکمہ اطلاعات کو پبلک ایڈریس سسٹم اور میڈیا کو ریج دستیاب رکھنے پر زوردیا ۔انہوںنے دیگر لازمی انتظامات کے علاوہ کورٹ کمپلیکس کے افتتاح کے احسن طریقے سے انعقاد کے لئے آفیسران پر باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے کی تلقین کی۔