سرینگر//ایڈیشنل ضلع کمشنر بارہمولہ کے ہاتھوں بدھ کو کورونا کرفیو کے نفاذ کی آڑ میں لوگوں کی مار پیٹ کیخلاف عوامی حلقوں میں کافی غم و غصہ پایا جارہا ہے۔
اس سے قبل ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں ایڈیشنل ضلع کمشنر بارہمولہ محمد احسن میر کو لوگوں کی مار پیٹ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اس ویڈیو میں مذکورہ افسر کو ایک خاتون، عمر رسیدہ شہری اور دوسرے وسط عمر کے شخص کو مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیومیں مذکورہ افسر کو ہاتھ میں چھڑی لیکر لوگوں کے پیچھے دوڑتے اور انہیں مارتے پیٹتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر آتے ہیں مذکورہ افسر کیخلاف شدید رد عمل سامنے آنے لگا یہاں تک کہ بعض لوگ محمد احسن نامی اس افسر کیخلاف سنگین کارروائی کا مطالبہ بھی کرنے لگے۔
دریں اثناءضلع کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار نے کہا ہے کہ انہوں نے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔