سرینگر // جموں و کشمیر میں 1 لاکھ12ہزار 893ہیلتھ ورکروں کی ٹیکہ کاری کا عمل جاری ہے اور ابتک 15ہزار 403ہیلتھ ورکروں کو 100ویکسین پوئنٹس پر ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار فائنانشل کمشنر ہیلتھ اتل ڈلو نے محکمہ صحت و طبی تعلیم کی ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر ہیلتھ جموں، ڈی پلاننگ( صحت و طبی تعلیم) اور یو این ڈی پی کے علاوہ تمام چیف میڈیکل افسران اور ہیلتھ افسران موجود تھے ۔ پرنسپل جی ایم سی سرینگر ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، چیف میڈیکل آفسران ، میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پیر کو 4ہزار ہیلتھ ورکروں کو کورونا مخالف ٹیکے لگائے گئے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اس میں اضافہ ہورہا ہے۔ میٹنگ میں مزید کہا گیا کہ ایک لاکھ12ہزار 893ہیلتھ ورکروں میں سے 15ہزار 403 کو ٹیکہ لگائے گئے ہیں۔ اتل ڈلو نے افسران کو حکم دیا کہ وہ ویکسینیش پوئنٹ کی تعداد میں اضافہ کریں تاکہ ٹیکہ کاری کے عمل کو جلد مکمل کیا جاسکے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ 8ہزار ٹیکے لگانے کے ہدف کوپورا کریں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ان علاقوں کی بھی نشاندہی کریں جہاں لوگوں کو ویکسین دینے ہیں۔ فائنانشل کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں میں جانکاری بڑھانے کیلئے اقدامات کریں اور اگر کسی جگہ لوگوں میں غلط فہمیاں ہیں ، انہیں دور کریں۔ میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ مجوزہ آبادی کی ٹیکہ کاری کیلئے مدت مقرر کریں اور تمام اہداف کو مقررہ مد ت میں مکمل کریں۔