سرینگر //کورونا مخالف ٹیکہ کاری کے تیسرے مرحلے میں ابتک 6 ہزار 500افراد کو ویکسین دیا گیا ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 11لاکھ افراد کو ویکسین دی جائے گی۔ محکمہ صحت وطبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اتل ڈلو نے بتایا ’’تیسرے مرحلے کے دو دنوں کے دوران 6ہزار 500افراد کو ویکسین دیا گیا ہے تاہم اسکے علاوہ جو ہیلتھ اور فرنٹ لائن ورکر ویکسین دینے سے رہ گئے تھے ، انہیں بھی کورونا مخالف ٹیکے لاگئے گئے جن کی تعداد 6ہزار کے قریب ہے‘‘۔ اتل ڈلو نے بتایا کہ سوموار کو 300ویکسین بوتھ قائم کئے گئے تھے جو منگل کو بڑھا کر 400کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں کے دوران پورے جموں و کشمیر میں 2ہزار ویکسین بوتھ قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری کے تینوں مراحل کو مکمل کرنے کیلئے 15ہزار سے زائد عملہ تعینات کیا جائے گا جبکہ جموں وکشمیر میں 34نجی اسپتالوں میں بھی ٹیکہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جن نجی اسپتالوں میں ایوشمان بھارت سہولیات دستیاب ہے ، ان ہی 34نجی اسپتالوں میں ٹیکہ کاری بھی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین لینے کے خواہشمند افراد کو ہر دو ڈوز کیلئے مجموعی طور پر 500روپے ادا کرنے ہونگے جن میں پہلے ڈوز کیلئے 250اور دوسرے ڈوز کیلئے 250روپے شامل ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں پہلے مرحلہ کے تحت 1لاکھ 6ہزار ہیلتھ ورکروں، دوسرے مرحلے کے تحت 3لاکھ فرنٹ لائن ورکروں جبکہ تیسرے مرحلے کے تحت 60سال سے زیادہ عمر اور مختلف بیماریوں کے شکار 11لاکھ افراد کو ٹیکہ لگائے جائیں گے۔
۔85نئے معاملات،28سفر سے لوٹے
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 26ہزار 710ٹیسٹ کئے گئے جن میں 85کی رپورٹیں مثبت آئیں تاہم کسی کی موت واقع نہیں ہوئی ۔ نئے 85معاملات میں سے 73کشمیر میں سامنے آئے ہیں جن میں 28بیرون ریاستوں سے واپس لوٹے ہیں جبکہ45مقامی سطح پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ 15 سے لیکر3 مارچ تک 1248افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے989کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کشمیر سے تعلق رکھتنے والے989افراد میں سے590مقامی سطح پر جبکہ 399بیرون ریاستوں اور ممالک سے لوٹے ہیں۔کشمیر صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد74575ہوگئی ہے جبکہ یہاں ابتک 1233افراد وائرس سے فوت ہوئے ہیں۔
ڈاکٹر فاروق کو ویکسین دی گئی
نیوز ڈیسک
سرینگر//سابق وزیراعلیٰ و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے منگل کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ جاکر کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی۔ عمر عبداللہ نے اپنے والد کی کورناٹیکہ لگواتے تصویر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے کورونا ویکسین کرانے کی تاکیدکی۔عمرعبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ جب میرے عمر رسیدہ والد ڈاکٹر فاروق عبداللہ کئی عارضوں میں مبتلا ہونے کے باوصف یہ ویکسین کراسکتے ہیں تو آپ لوگوں کو بھی کرانا چاہئے‘‘۔ عمرعبداللہ نے انسٹی ٹیوٹ کے اس عملے کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے والدین کو یہ ویکیسن دی۔