سرینگر//جموں کشمیر سرکار نے کورونا وائرس پھیلاﺅ سے پیدا صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے اس سال کی امرناتھ یاترا منسوخ کردی ہے۔
اس بات کا اعلان منگل کو شری امر ناتھ یاترا شرائن بورڈ کی ایک میٹنگ کے بعد کیا گیا۔
ایک سرکاری بیان کے مطابق میٹنگ کی صدارت جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو نے انجام دی اور اس میں سبھی بورڈ ممبران نے حصہ لیا ۔
میٹنگ کے آخر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کورونا کی وجہ سے پیدا حالات کے دوران امرناتھ یاترا کا انعقاد مناسب نہیں ہے کیونکہ ایسا کرکے یاتریوں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ اس لئے اس سال کی امرناتھ یاترا کو منسوخ کیا جاتا ہے۔
میٹنگ میں تاہم اس بات کا فیصلہ لیا گیا کہ عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کی قدر کرتے ہوئے بورڈ صبح و شام گپھا کے ورچول درشن کا انتظام کرے گا۔اس کے علاوہ روایتی پوجا پاٹ اور چھڑی مبارک گپھا تک لیجانے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔