سرینگر//کورونا وائرس پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے جموں کشمیر سرکار نے جیلوں کے اندر موجود قیدیوں میں کمی لاتے ہوئے ابھی تک 65قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی ہے جن میں ایسے22قیدی بھی شامل ہیں جو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ایام اسیری کاٹ رہے تھے۔
یہ اطلاع جیلخانہ جات کے ڈائریکٹر جنرل نے عدالت عالیہ کو پیش ایک تحریری وضاحت میں دی ۔عدالت عالیہ کی ایک ڈویژن بینچ جیلوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے خطرات سے متعلق دائر ایک درخواست کی شنوائی کررہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل جیلخانہ جات کی رپورٹ کے مطابق 7اپریل تک ایسے22قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا جو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقید تھے۔اس عرصہ کے دوران32زیر سماعت قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا جو مختلف قانونی دفعات کے تحت بند تھے۔اس کے علاوہ 19قیدیوں کو پیرول پر بھی چھوڑا گیا۔