عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلاو نے ایک بار پھر فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔ روزانہ فعال کیسز کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ راجدھانی دہلی سمیت کئی ریاستوں میں کووڈ کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بدھ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 7121 ہو گئی ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ تقریبا 7 ہزار مریض علاج کے بعد ٹھیک بھی ہو چکے ہیں۔راجدھانی دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 نئے کورونا کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ فکر انگیز ہے۔ تازہ معاملوں کے بعد راجدھانی میں فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 757 پہنچ گئی ہے۔ دہلی میں رواں سال اب تک 7 مریضوں کی موت بھی ہو چکی ہے۔ ویسے کورونا کے سب سے زیادہ مریض کیرالہ میں ہیں۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق ریاست کیرالہ میں فعال کیسز کی تعداد 2223 ہے۔ گجرات میں 1223، دہلی میں 757، مغربی بنگال میں 747، مہاراشٹر میں 615، کرناٹک میں 459، اتر پردیش میں 229 اور تمل ناڈو میں 204 کورونا کیسز فعال ہیں۔ دیگر ریاستوں میں بھی حالات فکر انگیز ہیں۔اگر رواں سال ہندوستانی ریاستوں میں کورونا کے سبب ہوئیں اموات پر نظر ڈالی جائے، تو مہاراشٹر میں اب تک سب سے زیادہ 18 اموات درج کی گئی ہیں۔ اس کے بعد کیرالہ کا نمبر آتا ہے جہاں جنوری 2025 سے اب تک کورونا سے 15 اموات ہوئی ہیں۔ اسی طرح کرناٹک میں 9، دہلی میں 7 اور مدھیہ پردیش و گجرات میں 2-2 اموات درج کی گئی ہیں۔ کورونا کے بڑھتے کیسز کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزارت برائے صحت و خاندانی فلاح نے سبھی ریاستوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دے دی ہے۔ اسپتالوں کو بھی الرٹ پر رکھا گیا ہے اور مناسب تعداد میں بستر، آکسیجن، دوائیوں اور ضروری وسائل کا اسٹارک یقینی بنایا گیا ہے۔