جموں//حکومت نے اتورا کو کہا کہ جموںوکشمیر میں آج کورونا وائر س کے 14نئے معاملات سامنے آئے ہیں ۔ ان سبھی کا تعلق کشمیر صوبے سے ہے۔اس طرح جموں وکشمیر میں مثبت معاملات کی کل تعداد 106تک پہنچ گئی ہے۔
حکومت کی طرف سے جاری کئے گئے روزانہ میڈیا بلٹین میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے 106 مثبت معاملات میں سے 100 سرگرم معاملات ہیں ،04 مریض صحتیاب ہوئے ہیں اور 02کی موت واقع ہوئی ہے۔
اب تک 33,503 ایسے اَفراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفری پس منظر ہے یا جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں ۔ ان میں سے 10,981 اَفراد کو ہوم کورنٹین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے کورنٹین مراکز بھی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ619 اَفراد کو ہسپتال کورنٹین میں رکھا گیا ہے۔100کو ہسپتال آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ 16,237 اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اسی طرح بلیٹن کے مطابق5,566اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔
بلیٹن میں مزید بتایا گیا ہے کہ اب تک 1,551نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں جن میں سے 1,429 نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے اور 16کی روپورٹیں 05اپریل 2020 ءتک آنا باقی ہے ۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھروں میں ہی رہیں اور سماجی دوری کو برقرار رکھیں۔ اُن سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ سفری تفاصیل یا مثبت معاملے کے ساتھ رابطے کو رضاکارانہ طور پر رِپورٹ کریں۔