نئی دہلی// ملک میں تیزی سے پھیل رہے کورونا انفیکشن کے پیش نظر وزیراعظم نریندر مودی نے سنت برادری سے ہری دوار میں چل رہے کنبھ کو ختم کرکے اسے علامتی رکھنے کی اپیل کی ہے۔
	 مودی نے سنیچر کو جونا اکھاڑہ کے آچاریہ مہما منڈلیشور سوامی اودھیش آنند گری سے فون پر بات کرنے کے بعد ٹوئٹ کرکے کنبھ کے ختم ہونے کے اشارے دیئے ۔
	وزیراعظم نے ٹوئٹر پر کہا ”اچاریہ مہا منڈلیشور سوامی اودھیش آنند گری جی سے آج فون پر بات کی۔ سبھی سنتوں کی صحت کا حال دریافت کیا۔ سبھی سنت انتظامیہ سے ہر طرح کا تعاو ن کررہے ہیں۔ میں نے اس کے لئے سنت برادری کا شکریہ اداکیا “۔
	انہوں نے ایک دیگر ٹوئٹ میں کہا ”میں نے پرارتھان کی ہے کہ دو شاہی اسنان ہوچکے ہیں اور اب کنبھ کو کورونا کے بحران کے سبب علامتی ہی رکھا جائے۔ اس سے اس بحران سے لڑائی کو ایک طاقت ملے گی“۔
	سوامی اودھیش آنند گری نے بھی ٹویٹ کیا اور کہا ”ہم عزت مآب وزیر اعظم کی اپیل کا احترام کرتے ہیں۔ زندگی کا تحفظ ایک بہت بڑا ثواب ہے۔ میری برادری عوام سے درخواست کرتی ہے کہ کووڈ کے حالات کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں اسنان کے لئے نہ آئیں اور ضابطوں کی پابندی کریں“۔
	واضح رہے کہ ہری دوار میں جاری کنبھ میں،سادھو اور سنتوں کے علاوہ ہزاروں افراد جمع ہو رہے ہیں ، جس کی وجہ سے کورونا انفیکشن کے پھیلاو¿ کا خطرہ کافی بڑھ گیا ہے۔ کنبھ میں کئی سادھو کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔