سرینگر//جموں کشمیر میں کورونا وائرس کے تشویشناک حد تک پھیلنے کے پس منظر میں حکومت نے جمعہ کو ضلع کمشنروں کو اس بات کے اختیارات دیدئے کہ وہ اپنے اضلاع کے اندر سکولوں کو کھلا رکھنے یا نہ رکھنے کے بارے میں فیصلہ لیں۔
یاد رہے کہ رواں تعلیمی سال شروع ہونے کے بعد سے جموں کشمیر خاص کر وادی کے کئی سکولوں میں کورونا کے متعدد مثبت معاملے سامنے آئے ہیں۔صرف بڈگام ضلع میں کم و بیش 40طالبان علم کورونا مثبت ظاہر ہوئے جس کے بعد مذکورہ سکولوں کو دس روز کیلئے بند کیا گیا۔
اسی طرح جنوبی کشمیر میں بھی کئی ایسی مثالیں پیش آئیں جن میں سکولوں کو کئی دنوں کیلئے بند کرنا پڑا۔
اسی تناظر میں ڈپٹی سیکریٹری جموں کشمیر برائے سکول ایجو کیشن محکمہ نے آج ایک آرڈر جاری کرتے ہوئے سبھی ضلع کمشنروں کو اس بات کا اختیار دیدیا کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں صورتحال کو دیکھتے ہوئے سکولوں میں درس و تدریس جاری رکھنے یا نہ رکھنے کے بارے میںفیصلہ لے سکیں۔آرڈر میں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ طالب علموں کی حفاظت کیلئے کیا گیا ہے۔آرڈر میں متعلقہ سی ای اوز کو بتایا گیا ہے کہ وہ فیصلے لینے میں ضلع کمشنروں کی معاونت کریں۔