سرینگر//ڈپٹی کمشنر سری نگر ، محمد اعجاز اسد نے سوموار کو کہا کہ ضلع انتظامیہ سری نگر ، کورونا وائرس کے انفیکشن کی زنجیر توڑنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے یہ بات ضلع انتظامیہ سرینگر کے ذریعہ کووِڈ 19 تخفیف اقدامات کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہی ۔ انہوںنے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کرونا سے متعلق میعاری عملیاتی طریقہ کار پر سختی سے عمل پیرا ہونے کو یقینی بنانے کے لئے پوری کوششیں کر رہی ہیں جس میں ماسک پہننا ، ہاتھوں کی صفائی کرنا اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کرفیو کے اب تک اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں اور کرونا مثبت معاملات میں کمی دیکھی گئی ہے۔ محمد اعجاز نے امید ظاہر کی کہ ضلع انتظامیہ کووِڈ۔19 کی دوسری لہر کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پائے گی۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی ہدایت پر ، ضلع سری نگر میں 19593 عمارتی اور دیگر تعمیراتی کارکنوں کے حق میں ایک کروڑ95لاکھ93 ہزار روپے کی کووِڈ ریلیف جاری کی گئی ہے ، اس کے علاوہ کرونا کے خلاف لڑنے کے لئے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے مختلف دیگر اقدامات بھی کیے گئے ہیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کا کہنا تھا کہ شہر میں صحت کی مختلف سہولیات اور کووِڈ کیئر سینٹرز میں بستروں کی گنجائش میں اضافہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ، صحت کی مختلف سہولیات پر میڈیکل آکسیجن پلانٹوں کی تنصیب کے بعد آکسیجن کی فراہمی کی خاطرخواہ دستیابی کی گئی ہے ، جب کہ آکسیجن امدادی نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مزید آکسیجن پلانٹس کو جلد ہی شامل کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضلع انتظامیہ سرینگر نے کووِڈ 19 کے موثر انتظام کے لئے کمیونٹی ٹریکنگ کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلے میں کمیونٹی ٹریکنگ ٹیمیں زون سطح پر کوڈ 19 انتظام کی بہتر نگرانی کے لئے گھر گھر جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر نے یہ بھی کہا کہ’’ ڈی آر ڈی او ‘‘ سری نگر کے کھنموہ علاقے میں 500 بستروں پر مشتمل ایک اسپتال تعمیر کررہا ہے جسے 30 مئی تک ضلع میں بستر وںکی صلاحیت میں مزید اضافہ کرنے کے لئے شروع کردیا جائے گا۔