ارشاد احمد
سرینگر//سرینگر کے پالپورہ سے ملحقہ کوثر کالونی میں دیور کے ہاتھوں بھابھی کے لرزہ خیز قتل کرنے کی واردات انجام دی گئی۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی صبح 10 بجکر 40 منٹ پر پالپورہ علاقہ سے اطلاع ملی کہ ایک بچی کی ماں 26سالہ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے۔ پولیس کی پارٹی موقع پر پہنچ گئی جہاں خاتون خون میں لت پت پڑی ہوئی تھی جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔خاتون کی شناخت 26 سالہ میمونہ زوجہ محمد یاسین مام ساکن کوثر کالونی پالپورہ کے بطورِ ہوئی ۔پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرکے کیس زیر نمبر 226/2022 درج کرکے تحقیقات شروع کی۔پولیس کے مطابق مذکورہ خاتون پر سسرال میں اپنے ہی دیور عمر فاروق مام ولد فاروق احمد نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر کلہاڑی سے وار کیا ، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی ، جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی۔.مذکورہ خاتون کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی۔واردات کے وقت اس کا شوہر کام پر گیا ہوا تھا ۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔