عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ٹوکیو//ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کے گروپ کواڈ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تنظیم نو اور اس میں مستقل اور عارضی ارکان کی تعداد بڑھانے کے تئیں اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے ۔کواڈ وزرائے خارجہ کی ٹوکیو کانفرنس کے بعد پیر کو جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے ۔ میٹنگ میں ہندوستان کی نمائندگی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کواڈ ایشیا پیسفک خطے میں صحت مند ترقی، استحکام اور خوشحالی اور خطے کی ضروریات کے لئے اہم قدم اٹھائے جانے کے حوالے سے اجتماعی طور پر ایک مثبت اور عملی لائحہ عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے ۔کواڈ وزرائے خارجہ نے کثیرالجہتی بین الاقوامی نظام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کے تعین میں طاقت کے استعمال کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی تشکیل نو کے حوالے سے کواڈ وزرائے خارجہ کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل اور غیر مستقل نشستوں کی توسیع سمیت اقوام متحدہ کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس سلسلے میں، ہم سلامتی کونسل کی اصلاحات پر بین الحکومتی مذاکراتی عمل (آئی جی این) میں فعال اور تعمیری شرکت کے لیے پرعزم ہیں اور کونسل کو مزید نمائندہ، شفاف، موثر اور قابل اعتبار بنانے کے مجموعی مقصد کے ساتھ جلد از جلد اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہیں۔اسی تناظر میں مزید کہا گیا ہے ، “ہم ترمیم شدہ سلامتی کونسل میں افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکہ اور کیریبین کے لیے مزید مستقل نمائندگی کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔