کٹھوعہ// جنگلات اور ماحولیات کے وزیر چودھری لعل سنگھ نے کہا ہے کہ کسانوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے کواپریٹیو سوسائٹیوں کا رول کافی اہم ہے ۔وزیر نے ان خیالات کا اظہار آج کٹھوعہ میں کواپریٹیو مارکیٹنگ سوسائٹی دفتر کا افتتاح کرنے کے بعد کیا۔ وزیر نے کہا کہ زراعت اور منسلک شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں اس لئے کواپریٹیو سوسائٹی کا قیام انتہائی اہم ہے کیونکہ ان کے قیام سے کسانوں کو زراعت سے جڑے مختلف پروگراموں کے ذریعے ضروری مدد ملتی ہے۔انہوںنے کہا کہ کٹھوعہ کواپریٹیو سوسائٹی کسانوں کو کھادیں فراہم کرتی ہیں جس سے ان کو کافی فائد ہ ملتا ہے البتہ انہیں اعلیٰ معیاری بیج اور جراثیم کش ادویات بھی فراہم کرنی ہوں گی۔وزیر نے کہا کہ کواپریٹیو اداروں کے انتخابات سے عوام کا ان اداروں پر اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوںنے کہا کہ تمام بے کار سوسائٹیوں کو بحال کرنا ضروری بن گیا ہے۔اس موقعہ پر نئے منتخب شدہ چیئرمین چودھری راجندر سنگھ نے کہا کہ کٹھوعہ کی 16 کواپریٹیو سوسائٹیوں نے ان کے حق میں ووٹ دیا ۔ انہوں نے کسانوں کو ہر طرح کی معاونت دستیاب رکھنے اور موجودہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کو دہرایا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل رجسٹرار جموں ، ڈپٹی رجسٹرار جموں ، ڈپٹی رجسٹرار کشتواڑ ، اسسٹنٹ رجسٹرار کٹھوعہ / برنوٹی/ ہیرا نگر اور کسانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔