پیرس/فرانس کے نومنتخب صدر امینیول میکخواں جہاں سیاست کے میدان میں کامیابی کی وجہ سے مشہور ہوئے ہیں وہیں ان کی محبت کی کہانی کے چرچے بھی عام ہیں۔امینیول میکخواں کی 64 سالہ بیوی بریڑٹ ٹروغنو ان سے 24 برس بڑی ہیں اور وہ اس سکول میں استاد تھیں جہاں میکخواں نے تعلیم حاصل کی تھی۔ان دونوں کی محبت کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب 15 سالہ امینیول میکخواں شمالی فرانس کے ایک سکول میں زیر تعلیم تھے۔ اس عمر میں ہی امینیول میکخواں کو اپنے ہم عصروں میں باصلاحیت مانا جانے لگا تھا۔جس عمر میں بچے ٹی وی کے دیوانے تھے، تب امینیول میکخواں ہمیشہ کتابوں میں گم رہتے تھے۔اسی سکول میں امینیول میکخواں کے ساتھ بریڑٹ ٹروغنو کی بیٹی لارنس بھی پڑھتی تھیں۔ ایک دن لارنس نے اپنے گھر میں بتایا کہ ان کی کلاس میں پڑھنے والے امینیول کو سب کچھ آتا ہے۔اس وقت بریڑٹ ٹروغنو 40 برس کی تھیں اور 20 سال کی عمر میں ہی ان کی شادی ایک مقامی بینکر سے ہو چکی تھی جن کے ساتھ ان کے لارنس سمیت تین بچے تھے۔اپنی بیٹی کی باتوں سے متاثر ہوکر بریڑٹ کو امینیول سے ملنے کا شوق ہوا۔میکخواں سکول میں ڈرامہ گروپ کا حصہ تھے۔ ایک بار جب ملان کنڈیرا کی کتاب پر مبنی ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے کے لیے میکخواں سٹیج سے اترے تو ان کی نظر بریڑٹ پر گئی۔سی این این کی ایک خبر کے مطابق، بریڑٹ نے ایک فرانسیسی دستاویزی فلم میں بتایا 'وہ دوسروں جیسے نہیں تھے. وہ کم عمر نوجوانوں کی طرح بھی نہیں تھے. اپنے سے بڑی عمر کے لوگو کے ساتھ ان کا برابری کا رشتہ تھا۔'ایک دن میکخواں ڈراما لکھنے کے لیے بریڑٹ کے پاس پہنچ کر بولے 'کیوں نہ ہم اسے مل کر لکھیں؟ بریڑٹ کی رضامندی کے بعد دونوں ہر جمعہ کو ملنے لگے۔بریڑٹ ٹروغنو اسی سکول میں ٹیچر تھیں جہاں امینیول میکخواں پڑھتے تھے۔بریڑٹ نے اس دن کو یاد کرتے ہوئے کہا 'میں نے سوچا تھا کہ یہ زیادہ عرصہ نہیں چلے گا. مجھے لگا کہ وہ بور ہو جائیں گے. لیکن ہم نے ساتھ لکھنا شروع کیا اور آہستہ آہستہ میں میکخواں کی ذہانت سے مکمل طور پر متاثر ہوگئی۔