ریاست کی اپنی آئی پی ایل ٹیم بنانا زیر غور، سرینگر میں میچ کرانے کی تجویز
سرینگر //گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست کیلئے سوچھتا ہی سیوا پروگرام کی شروعات کرتے ہوئے ریاست کو کھلے میں رفع حاجت کرنے کی بدعت سے پاک قرار دیا ۔ گورنر نے کہا کہ جموں کشمیر ریاست نے بیت الخلاء تعمیر کرنے کے سو فیصد نشانے کو حاصل کیا ہے اور یہ پہلے ہی کھلے میں رفع حاجت کرنے سے پاک ہو گئی ہے ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاست کے تمام 22 اضلاع ، 4171 گرام پنچائیتیں اور 7565 دیہات سوچھ بھارت مشن کے رہنما خطوط کے مطابق کھلے میں رفع حاجت سے پاک قرار دئیے گئے ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ ریاست میں 11لاکھ انفرادی بیت الخلاؤں کے ساتھ ساتھ 1350 کمیونٹی سینٹری کمپلیکس تعمیر کئے گئے اور سوچھ بھارت مشن نے لوگوں میں ایک مثبت تبدیلی لانے کے حوالے سے ایک اہم رول ادا کیا ۔ گورنر نے کنبوں اور طبقوں کی بہبودی میں صفائی ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو گھروں میں بیت الخلاء کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ۔گورنر نے ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کو دوہراتے ہوئے کہا کہ گورنر انتظامیہ نے ریاست کے تمام آبی ذخیروں ، جھیلوں ، شہروں ، قصبوں اور دیہات کو صاف رکھنے کو ترجیحات میں شامل کیا ہے اور اس مقصد کیلئے ایک منصوبہ بند پروگرام عملایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ تہواروں اور امتحانات کے دوران بلا خلل بجلی کی سپلائی کو یقینی بنائے گی ۔ گورنر نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے والے ان نوجوانوں کیلئے مواقعوں کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئی پی ایل چیئر مین راجیو شکلا کے ساتھ اس تصور پر کام کر رہے ہیں کہ جموں کشمیر کیلئے بھی ایک آئی پی ایل ٹیم تشکیل دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب ہی جموں کشمیر میں بھی آئی پی ایل میچ کھیلے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کیا جائے گا اور ریاست کے تمام اضلاع میں جدید طرز کے سٹیڈیم بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ وہ ریاست میں کوئی سیاسی ایجنڈا لیکر نہیں آئے ہیں بلکہ وہ جموں وکشمیر کے گورنر ہاوس کو عوام کا ہاوس بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ وہ اس بات کا یقین دلانا چاہتے ہیں کہ وہ ریاست میں کوئی سیاسی ایجنڈا لیکر نہیں آئے بلکہ اُن کا مقصد لوگوں کے مسائل کا حل ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ گورنرہاوس کو عوام کاگھر بنانا چاہتے ہیں اور رات 2بجے بھی بات سننے کیلئے تیارہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنا فون خود اٹھاتے ہیں ،کچھ روز قبل شہر کے ایک علاقے سے کسی نے وٹس اپ پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا جس پر انہوں نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو 2 دن میںاُس کو حل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی شکایات سے وہ اتفاق کرتے ہیں اور اُن کو حل کرنے کیلئے ہمیں طریقہ کار پر سوچنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے گذشتہ دنوں ریاست کی ترقی کیلئے کچھ اہم فیصلے لئے ہیں جن کا وہ یہاں ذکر نہیں کرنا چاہیں گے، لیکن یہ بتانا چاہتے ہیں کہ سرینگر شہر کو 24گھنٹے بجلی سپلائی کی فراہمی اور دیگر علاقوں میں بھی سپلائی میں بہتری لانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔