کنگن/ / برنہ بگ کنگن میں ایک شادی شدہ خاتون نے پاور کنال میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ۔ذرائع کے مطابق گاندربل ضلع کے بر نہ بگ کنگن میں اس وقت سنسنی کا ماحول پیدا ہوگیا جب ایک 25سالہ خاتون پروینہ بانو زوجہ مشتاق احمد چوپان ساکن پوشکر وانگت کنگن نے پاور کنال میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کرڈالا۔اطلاع ملتے ہی کنگن پولیس سٹیشن سے وابستہ ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی اور ایک گھنٹے کے بعد مذکورہ خاتون کی لاش کو پاور کنال سے برآمد کرکے اس سے پوسٹ ماٹم کرنے کے لئے ٹرامہ ہسپتال کنگن پہنچایا ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن کنگن نثار احمد حرا نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پوشکر وانگت کنگن کی ایک شادی شدہ خاتون نے نا معلوم وجوہات کی بنا پر پاور کنال میں چھلانگ لگاکر زندگی کا خاتمہ کردیا ۔پولیس نے لاش کو برآمد کرنے کے بعد قانونی لوازمات مکمل کرکے اسے وراثان کے حوالے کردیا ۔مذکورہ ایس ایچ او کے مطابق پولیس کو ابھی تک مذکورہ خاتون کے خودکشی کرنے کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں ہو سکی البتہ پولیس نے اس سلسلے میں تحقیقات شروع کی ہے اور پوسٹ ماٹم رپورٹ آتے ہی معاملہ خود بہ خود سامنے آسکتا ہے۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے کاروائی شروع کردی ۔